ایسے وقت میں کہ جب پاکستانی سیاسی افق پر خطوں کا تذکرہ ہے، بانی پی ٹی آئی سے لے کر آرمی چیف اور عدالتوں سے لے کر ایوانوں تک خطوط کی بازگشت ہے، پاکستان پوسٹ نے 54 ویں مقابلہ خط نویسی کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسپیکر پنجاب اسمبلی نے عمران خان کا آرمی چیف کو خط ’ترلے کی آخری حد‘ قرار دیدیا
پاکستان پوسٹ اور یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کے اشتراک سے 54 ویں بین الاقوامی خط نویسی کے مقابلے سے نوجوان طلبا کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
خط کا موضوع
خط کے موضوع میں’تصور کریں کہ آپ سمندر ہیں اور آپ کسی کو بتائیں کہ اسے آپ کا کیوں اور کیسے خیال رکھنا چاہیے۔‘
جمع کرانے کا عمل اور آخری تاریخ
خط نویسی کا مقابلہ 2 مراحل پر مشتمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مجھے کوئی خط نہیں ملا، ملا بھی تو نہیں پڑھوں گا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر
پہلا مرحلہ
پہلے مرحلے میں طلبا اپنے ہاتھ سے لکھے ہوئے خطوط انگریزی یا اردو میں جمع کروائیں گے، خط میں 800 سے زیادہ الفاظ ہونے چاہیے، طلبا اپنا خط بذریعہ ای میل یا یوایم ایس کے ذریعے متعلقہ پوسٹ ماسٹر جنرل کو بھیج سکتے ہیں، جبکہ پرائیویٹ کوریئرز (OCS) کے ذریعے بھیجے گئے یا ازخود پوسٹ ماسٹر جنرل کو خط دینا قابل قبول نہیں ہوگا۔
آخری تاریخ
مقابلے میں حصہ لینے کی آخری تاریخ 25 مارچ 2025 رکھی گئی ہے۔
انعام کتنا ہوگا؟
خط نویسی کے مقابلے میں حصہ لینے والے طلبا میں سے پہلی 3 پوزیشنزحاصل کرنے والے طلبا کو انعام دیا جائے گا، پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 30 ہزار، دوسری پوزیشن لینے والے کو 20 ہزار اور تیسری پوزیشن لینے والے کو 10 ہزار انعام دیا جائے گا، جبکہ مذکورہ پوزیشنز لینے والے طلبا کو یادگاری ڈاک ٹکٹ اور میرٹ سرٹیفکیٹ بھی دیے جائیں گے۔
انگریزی زبان کا بہترین خط سوئٹزر لینڈ ’یوپی یو‘ میں جمع کرایا جائے گا
9 اکتوبر 2025 کو پوسٹ کے عالمی دن کے موقع پر ایوارڈ کی تقریب منعقد کی جائے گی، بین الاقوامی مقابلے کے لیے انگریزی زبان کا بہترین خط برن، سوئٹزرلینڈ میں ’یوپی یو‘ میں جمع کرایا جائے گا۔
طلائی، نقرئی اور کانسی کے تمغے
بین الاقوامی سطح پر یو پی یو کی طرف سے مقرر کردہ ایک جیوری بہترین خطوط کا جائزہ لے گی، بہترین خطوط کو سونے، چاندی اور کانسی کے تمغوں کے ساتھ خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹوں سے نوازا جائے گا، جبکہ اس عمل سے پاکستانی نوجوانوں کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور عالمی سطح پر پہچان حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاق کی جانب سے بلوچستان کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز کے اجرا میں تاخیر، وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ
مقابلے کے لیے اہلیت اور شرائط و ضوابط
خط نویسی مقابلے کے لیے اہل ہونے کے لیے طلبا کو درج ذیل شرائط و ضوابط کو پورا کرنا ہوگا۔
عمر کی حد، 9 سے 15 سال
خط کا اسٹرکچر ٹھیک ہونا چاہیے
تہنیت اور سلام (مثال کے طور پر، ’پیارے‘، ’محترم‘)
وصول کنندہ کا پتا
مصنف کے دستخط کے ساتھ رسمی اختتام
خوش نویسی: خوش خطی سے لکھے گئے خطوط قابل قبول ہوں گے
ادارے کی معلومات، مقابلے میں حصہ لینے والے طلبا کو خط کی گزارشات میں اسکول کے سربراہ کا نام، اس کے دستخط، مہر، مکمل پتا اور فون نمبر شامل کرنے ہوں گے۔
صرف مذکورہ شرائط پر پورا اترنے والے خطوط شمار کیے جائیں گے۔