محبت کی خاطر گزشہ سال انڈیا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والی پاکستانی شہری سیما حیدر کا کہنا ہے کہ یوٹیوب سے لاکھوں روپے کما رہی ہیں۔
سیما مئی 2023 میں بھارت آئی تھیں تاکہ وہ سچن مینا سے شادی کر سکیں، جو انڈیا میں نوئیڈا کے رہائشی ہیں۔ یہ جوڑا سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہوا جس کے بعد انہوں نے اپنا یوٹیوب چینل بھی بنایا جو اب ان کی کمائی کا ذریعہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سچن کی ’سچی محبت‘ کا نتیجہ نکل آیا، سیما حیدر امید سے ہوگئیں
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیما نے انکشاف کیا کہ یو ٹیوب سے انہیں پہلی بار 45,000 روپے ملے تھے۔ اس کے بعد ان کی کمائی میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اور اب وہ ہر مہینے 80,000 سے 1,00,000 روپے تک کماتی ہیں۔ یہ رقم یوٹیوب ویڈیوز کے ویوز، لائیو اسٹریمنگ کے دوران ملنے والی اسپانسر شدہ ویڈیوز اور برانڈ پروموشن کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔
سیما اور سچن اس وقت 6 یوٹیوب چینلز کے مالک ہیں، جہاں وہ اپنی زندگی کے بارے میں ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں۔ اس جوڑے کے ان چینلز پر مجموعی طور پر 17 لاکھ سبسکرائبرز ہیں۔ ان کی ویڈیوز کو اوسطاً 25,000 ویوز ملتے ہیں۔ سیما کے شوہر سچن نے اب اپنی نوکری چھوڑ دی ہے تاکہ وہ مکمل طور پر یوٹیوب چینلز کو وقت دے سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیما حیدر اُدھر تو ’انجو‘ اِدھر، بھارتی خاتون اپنا پیار پانے پاکستان پہنچ گئی
واضح رہے کہ سیما حیدر ایک پاکستانی خاتون ہے، جسے پب جی کھیلتے ہوئے گریٹر نوئیڈا کے رہائشی سچن سے محبت ہو گئی تھی، جس کے بعد وہ اپنے 4 بچوں کے ساتھ نیپال کے راستے بھارت میں داخل ہوئی تھی۔ اب وہ اپنے پانچویں اور سچن کے ساتھ اپنے پہلے بچے کی توقع کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیما حیدر کی کراچی میں سرگرمیاں کیا تھیں؟ مالک مکان اور محلے داروں نے بتادیا
سیما حیدر کا اپنی نئی زندگی میں سفر اہم رہا ہے۔ اس کے 8 سالہ بیٹے کا نام پہلے فرحان علی تھا اور اب اس کا نام راج ہے، جب کہ ان کی بیٹیوں 6 سالہ فروا، 4 سالہ فریحہ بتول اور فرح کا نام بدل کر پریانکا، منی اور پری رکھا گیا ہے۔ ان کے پہلے شوہر غلام حیدر ابھی تک پاکستان میں ہیں۔