لاہور میں 17 سے 19 اپریل 2025 کو ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو (HEMS 2025) کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں دنیا بھر سے غیر ملکی خریدار اور سرمایہ کار شرکت کریں گے۔ یہ نمائش پاکستان کی صحت، انجینئرنگ اور معدنی مصنوعات کو عالمی منڈی میں روشناس کرانے کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہوگی۔
اس ایونٹ میں زرعی و برقی مشینری، آٹوموٹیو انڈسٹری، گھریلو برقی آلات، ادویات، کاسمیٹکس، سرجیکل آلات، کیمیکل، ماربل، معدنیات، تعمیراتی سامان، زیورات، کھیلوں کا سامان، دستکاری، پیکیجنگ اور فرنیچر جیسے شعبے نمایاں کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں آئی ٹی کی بین الاقوامی نمائش لیپ کا آغاز
HEMS 2025 عالمی خریداروں کو بزنس ٹو بزنس (B2B) ملاقاتوں کے ذریعے پاکستانی صنعتکاروں سے براہ راست جوڑنے کا موقع فراہم کرے گا۔ (منرل انویسٹمنٹ پویلین) اس نمائش کا سب سے اہم حصہ ہوگا، جہاں بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستانی معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔
اس کے علاوہ، نمائش میں پہلی بار پاکستان کے قیمتی جواہرات اور زیورات کی خصوصی نمائش بھی ہوگی۔ صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے یہ ایونٹ اہم کردار ادا کرے گا۔
گزشتہ نمائشوں میں 650 سے زائد غیر ملکی مندوبین اور 148 سے زیادہ نمائش کنندگان شریک ہو چکے ہیں، اور اس سال اس سے بھی زیادہ شرکت کی توقع ہے۔