چیمپیئنز ٹرافی: نیوزی لینڈ نے افتتاحی میچ میں پاکستان کو شکست دے دی

بدھ 19 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان 321 رنز کے ہدف کا تعاقب نہ کرسکا، اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 320 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 47.2 اوورز میں 260 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیے: ’آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے متعلق وہ معلومات جو ہر کوئی جاننا چاہتا ہے‘

پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ بابر اعظم 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ کپتان محمد رضوان 3، سعود شکیل 6، فخر زمان 24، سلمان آغا 42، طیب طاہر ایک، شاہین شاہ آفریدی 14 اور حارث رؤف 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور ول او رورکے نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،میٹ ہینری نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مائیکل بریسویل اور ناتھن اسمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، اور میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پاکستان کو جیت کے لیے 321 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ نے 107 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ٹام لیتھم 118 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، انہوں نے اپنی اننگز میں 3 چھکے اور 10 چوکے بھی لگائے۔ اس کے علاوہ گلین فلپس 61 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ابرار احمد ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجھنے میں کامیاب رہے۔

فہیم اشرف کی جگہ حارث رؤف پاکستانی اسکواڈ کا حصہ

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہاکہ آج کے میچ میں فہیم اشرف کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ ہم دفاعی چیمپیئن ہیں، اس لیے دباؤ تو ہوگا۔

ٹاس کے موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان مچیل سینٹنر نے کہاکہ ٹیم میں فاسٹ بولر میٹ ہنری کی واپسی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی سرزمین پر 29 برس کے بعد آئی سی سی ایونٹ ہورہا ہے۔

میچ کے آغاز سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب

میچ کے آغاز سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں چیمپیئنز ٹرافی کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوئی، جس میں پاک فضائیہ نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

پاک فضائیہ کی ٹیم نے فضا میں سبز ہلالی پرچم کے رنگ بکھیرے اور قوم کو سلام پیش کیا۔ اس کے علاوہ شاہین بریک کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ جے ایف 17، ایف 16 اور شیر دل شاہینوں نے قوم کا لہو گرمایا۔ فلائی پاسٹ میں جے ایف 17 تھنڈر طیارہ بھی شریک تھا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری خصوصی طور پر شریک ہوئے، تقریب کے آغاز میں 2017 میں چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والے کپتان سرفراز احمد، صدر آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو کے ہمراہ ٹرافی لے کر میدان میں آئے۔

اس سے قبل بھارت اور بنگلہ دیش کے علاوہ چیمپیئنز ٹرافی کی تمام ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں جبکہ بھارت کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا میچ دبئی میں کھیلے گی۔

چیمپیئنز ٹرافی کا یہ ایونٹ اس لیے بھی زیادہ اہم ہے کہ پاکستان 1996 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار آئی سی سی کے کسی بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے اور وہ اس ایونٹ کا دفاعی چیمپیئن بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: چیمپیئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ: پاکستان اور نیوزی لینڈ نے کمر کس لی

کراچی میں چیمیئنز ٹرافی کے دوران سیکیورٹی کے کیا انتظامات کیے گئے ہیں؟

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران کراچی میں ایس ایس یو اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے6700 سے زائد اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔ اس ایونٹ کے دوران ایس ایس یو کے 1045 کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز فرائض انجام دے رہے ہیں، سیکیورٹی ڈویژن کے 1745، ٹریفک پولیس کے 1390، اسپیشل برانچ کے 328 اہلکار اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلزاور دیگر مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں۔

میچزکے دوران اسٹیڈیم اور اطراف میں ہر قسم کے ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے: چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کی تیاریاں مکمل، محسن نقوی کی انتظامات کو خوب تر بنانے کی ہدایت

واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والا یہ ایونٹ شروع میں ہی بھارت کی ہٹ دھرمی سے تنازع کا شکار رہا، بھارت اپنے میچز پاکستان کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلنے پر مصر رہا جس کے بعد اس کے میچز کے لیے پاکستان کے بجائے دبئی کا انتخاب کیا گیا۔

پاکستان اس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 23 فروری کو دبئی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی جس کا شائقین کرکٹ کو شدت سے انتظار ہے۔ آج سے شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی 9 مارچ تک جاری رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp