عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے 27 فروری کو سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیاہے۔
یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی کو جس سیل میں رکھا گیا اس کا مریم نواز سے کیا تعلق ہے؟
اڈیالہ جیل سپرنٹینڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے سماعت کی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے فیصل فرید چوہدری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
فیصل فرید چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے اس عدالت کے حکم پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہوا، جیل سپرنٹینڈنٹ کے بیان کے باوجود بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جارہی۔
قائمقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کا دریافت کرتے ہوئے اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ عدالتی حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنوائیں، عدالت نے سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کو طلب کرتے ہوئے سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی۔