صوابی میں 150ایکڑ اراضی پر کاشت پوست کی فصل تلف کر دی گئی

جمعہ 21 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ ایکسائز اور پولیس نے ایک  مشترکہ کارروائی کے دوران صوابی میں 150ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی پوست (افیون)کی فصل تلف کر دی ہے۔

ایکسائز حکام کے مطابق مشترکہ کارروائی صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، سیکرٹری ایکسائز، ڈی جی ایکسائز کی خصوصی ہدایت پر کی گئی۔

کارروائی کے دوران ٹکڑوں میں کاشت کی گئی تقریباً 150 کنال اراضی پر کاشت کی جانے والی پوست (افیون) کی کھڑی فصل کو تلف کر دیا گیا۔

ایکسائز حکام کے مطابق کارروائی گدون کے علاقے منگل چائی، داروڑئی اور چینئی کے علاقے میں کی گئی۔

پہاڑی علاقے کے اس مشکل آپریشن میں تھانہ ایکسائز مردان، ایکسائز انٹیلجنس، تھانہ ایکسائز پشاور اور صوابی پولیس کے تھانہ IDS نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔

آپریشن کے دوران علاقے میں ایک مخصوص شرپسندگروہ نے وسیع علاقے میں پوست کی فصل تلف کرنے پر احتجاج کیا اور روڈ بند کردیا۔

اس دوران شرپسندوں کی جانب سے صوابی پولیس اور ایکسائز پولیس کے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوئی، تاہم علاقہ مشران کی فوری مداخلت کے بعد روڈ کھول دیا گیا۔

ایکسائز حکام  کے مطابق اس واقعہ کے بعد علاقہ معززین کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی پر معذرت کی گئی جب کہ آئندہ افیون کی فصل کاشت نہ کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا۔

کامیاب آپریشن پر سیکرٹری ایکسائز، ڈی جی ایکسائز اور ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول کا ایکسائز پولیس کو خراج تحسین کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp