چیمپیئنزٹرافی: جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے ہرادیا

جمعہ 21 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے دی۔

نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے گروپ بی کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے دیے گئے 316 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 43 اعشاریہ 3 اوورز میں 208 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح جنوبی افریقہ نے میچ 107 رنز سے جیت لیا۔

 افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ نے جنوبی افریقی بولرز کا اعتماد کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اس اننگز میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے۔  رحمت شاہ نے بھی جنوبی حریف ٹیم کے بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 54 رنز بنائے تاہم ان کے علاوہ دیگر بیٹرز کچھ خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے۔

ابراہیم زدران نے 17، صدیق اللہ اتل نے 16 رنز، رحمٰن اللہ گرباز 10 رنز، محمد نبی نے 8، گلبدین نائب نے 13،  راشد خان نے 18 رنز اور نور احمد نے 9 رنز بنائے جبکہ کپتان حشمت اللہ شاہدی کوئی رنز نہیں بنا سکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ نگیدی اور ویان مولڈر نے 2، 2 جبکہ مارکو جانسن اور کیشو مہاراج نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے 50 اوورز میں 315 بنائے تھے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ محض 28 رنز پر گرگئی تھی جب ٹونی ڈی زوزی 11 رنز پر پویلین لوٹ گئے تاہم اس کے بعد ریان ریکلنٹن اور ٹمبا بواما نے محاذ سنبھالتے ہوئے کھیل کو مستحکم انداز میں آگے بڑھایا اور کل اسکور کو 157 رنز تک لے گئے۔ ریان نے شاندار سینچری بناتے ہوئے 103 رنز اسکور کیے۔ ٹمبا بواما 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اس وقت جنوبی افریقہ کا مجموعی اسکور 157 رنز تھا اس طرح ریان اور ٹمبابواما نے 100 رنز سے زیادہ کی پارٹنرشپ کی۔

راسی وینڈر ڈوسن اور ایڈن مارکرم نے بھی نصف سینچریاں اسکور کیں اور دونوں نے 52، 52 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فضل حق، عظمت اللہ عمرزئی اور نور احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مزید پڑھیں: ’مِس یو انڈیا‘، چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ سے قبل پاکستانی شائقین کے نعرے

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیما باووما نے کہا تھا کہ ہمیں خود پر اعتماد ہے اور اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہد نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے بھی اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور ہم جنوبی افریقہ کے خلاف اچھی شروعات کرتے ہیں تو خوشی ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp