پاکستان فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار جاوید شیخ نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں پہلی عیدی 2 روپے ملی تھی۔ پھر 5اور 10روپے بھی عیدی ملی۔ اپنے انٹرویو میں ان کا کہنا ہے کہ پہلے اپنے بچوں کو عیدی دیتا تھا، اب ان کے بچوں کو دیتا ہوں۔ عید پر کھانے کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ انہیں کھانے میں کلیجی، مغز مصالحہ اور حلوہ پوری اچھی لگتی ہے۔
بالی وڈ میں کس اداکار کے فین ہیں؟
جاوید شیخ کے بقول انہوں نے 150 سے زائد فلموں میں مختلف جگہوں پر بے شمار لوگوں کے ساتھ کام کیا۔ بالی ووڈ کی فلم ‘اوم شانتی اوم’ میں شاہ رخ سے ملاقات کے حوالے سے وہ کہتے ہیں شاہ رخ ایک بڑے مگر سادہ انسان ہیں۔ فلم کی ریکارڈنگ کے دوران سپر اسٹار ہونے کے باوجود موبائل فون استعمال نہیں کرتے ہیں۔ شاہ رخ وقت کے پابند اور انہیں ڈائیلاگز ہمیشہ یاد ہوتے ہیں۔
فلم منی بیک گارنٹی کے حوالے سے توقعات:
پاکستانی سینما پر پیش کی گئیں یکے بعد دیگرے کامیاب فلموں کے پس منظر میں جاوید شیخ کہتے ہیں کہ کرونا کی وجہ سے پوری دنیا کی انڈسٹری کو دشواریوں کا سامنا رہا، لیکن اس کے بعد ہم نے جو فلمیں بنائیں، انہوں نے بہت اچھا بزنس کیا۔ پاکستانی سنیما کے لیے اچھی بات ہے کہ بہت سے ممالک میں پاکستانی فلمیں خاص طور پر دیکھی جاتی ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ پچھلے ریکارڈ کا فلم ‘منی بیک گارنٹی’ پر بہت اچھا اثر پڑے گا۔ فلم ‘منی بیک گارنٹی’ میں اپنے کردار کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ میرا رول زیادہ لمبا نہیں مگر اہم ہے۔