پاکستان کے اوپننگ بلے باز بابر اعظم چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف آج کے میچ میں 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے لیکن اس سے قبل وہ آئی سی سی کے زیر اہتمام ایک روزہ میچز میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے۔
ون ڈے فارمیٹ میں ایک ہزار یا اس سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اب تک پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں سعید انور اور جاوید میانداد کو حاصل تھا تاہم آج دبئی میں پاک بھارت میچ کے دوران اپنی 24ویں اننگز کھیلتے ہوئے یہ اعزاز بابر اعظم نے بھی اپنے نام کیا۔
یہ بھی پڑھیے: آئی سی سی نے ٹیسٹ اور ٹی20 کی نئی رینکنگ جاری کردی، بابر اعظم کی ترقی
بابر اعظم کو اس سے قبل نیوزی لینڈ کیخلاف چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں سست اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے اس وقت شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب انہوں نے 90 بالز میں 64 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ آج دبئی میں بھارت کیخلاف میچ میں بابر اعظم 23 رنز بناکر ہارڈیک کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان نیوزی لینڈ سے میچ ہارنے کے بعد اپنے گروپ میں اس وقت چوتھے یعنی سب سے آخری نمبر پر ہے اور اسے سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے آج دبئی میں بھارت کو ہرانا پڑے گا۔