جرمنی: انتخابات میں حزب اختلاف کی کامیابی، چانسلر اولاف شلز نے شکست تسلیم کرلی

پیر 24 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جرمنی میں حزب اختلاف کے قدامت پسندوں نے اتوار کو منعقدہ قومی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی ہے، جس کے بعد رہنما فریڈرک مرز کے اگلے چانسلر بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے جبکہ انتہائی دائیں بازو کی جماعت آلٹرنیٹیو فار جرمنی دوسرے نمبر پر رہی ہے۔

واضح رہے کہ آلٹرنیٹیو فار جرمنی کی حالیہ انتخابات میں کارکردگی اس کی اب تک کی بہترین کاکردگی قرار دی جارہی ہے، انتخابی نتائج پر اپنے ابتدائی رد عمل میں موجودہ جرمن چانسلر اولاف شلز کا کہنا تھا کہ نتیجہ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے بہت تلخ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جرمنی کی پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی

’ہم الیکشن ہار چکے ہیں، میں کرسچیئن ڈیموکریٹک یونین کی زیر قیادت وفاقی حکومت میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ​​کا نمائندہ نہیں ہوں گا اور نہ ہی میں اس کے لیے مذاکرات کروں گا۔‘

سی ڈی یو کے رہنما اور چانسلر کے امیدوار فریڈرک مرز کا کہنا تھا کہ آج رات ہم جشن منائیں گے اور کل سے کام شروع کر دیں گے، باہر دنیا ہمارا انتظار نہیں کر رہی ہے۔

دوسری جانب رنر اپ رہنے والی جماعت آلٹرنیٹیو فار جرمنی کے رہنما ایلس ویڈل نے کہا کہ وہ عوام کی پارٹی بن کرسامنے آئے ہیں اور کرسچیئن ڈیموکریٹک یونین کے ساتھ اتحادی مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں:کیا الیکشن کے بعد جرمنی پاکستانیوں کو ویزے دینا بند کر دے گا؟

فری ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماکرسچن لنڈنر کا کہنا تھا کہ اگر ان کی جماعت وفاقی پارلیمنٹ چھوڑتی ہے، تو یہ بالکل واضح ہے کہ وہ بھی سیاست چھوڑ دیں گے۔ ’اگر میرا سیاسی کیرئیر کل ختم ہوتا ہے، تو میں صرف شکرگزاری کے احساس کے ساتھ رخصت ہوجاؤں گا۔‘

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن اور وزیر دفاع بورس پسٹوریئس کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن عنصر یہ ہے کہ ہمیں سنجیدگی سے یہ بتانا ہوگا کہ یہ ایک تباہ کن، تباہ کن نتیجہ ہے۔

مزید پڑھیں:یورپ کا گریہ

جرمن وائس چانسلر رابرٹ ہیبیک کا کہنا تھا کہ جرمنی کو اب حکومت بنانے کے مشکل کام کا سامنا ہے، جسے اب تیزی اور کامیابی سے مکمل کیا جانا چاہیے۔‘

چیئرمین کرسچیئن سوشل یونین الیگزینڈر ڈوبرینڈ کا کہنا تھا کہ انہیں اب بھی یقین ہے کہ گرینز کے درمیان پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور اس لیے وہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ کوئی اتحاد گرینز کے ساتھ بنے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp