امریکی اسپیشل آپریشنز فورسز نے اتوار کے روز سوڈان کے دارالحکومت میں واقع امریکی سفارت خانہ سے اپنے تمام سفارتکاروں سمیت عملہ کو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے سے باحفاظت باہر نکال لیا ہے۔
سفارت خانے کے آخری امریکی ملازم کے باحفاظت انخلا کے بعد، واشنگٹن نے سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں امریکی مشن کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے۔ تاہم خانہ جنگی سے دوچار شمال مشرقی افریقی ملک میں ہزاروں امریکی شہری ابھی قیام پذیر ہیں۔
تین MH-47 ہیلی کاپٹروں میں 100 کے قریب امریکی فوجیوں نے آپریشن کیا۔ انہوں نے تقریباً 70 باقی رہ جانے والے تمام امریکی ملازمین کو خرطوم میں امریکی سفارت خانے کے لینڈنگ زون سے ایتھوپیا میں کسی نامعلوم مقام پر پہنچا دیا۔
افریقی امور کے اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ مولی فی کے مطابق ایتھوپیا نے اوور فلائٹ اور ایندھن بھرنے میں مدد فراہم کی۔ امریکی حکام نے کہا کہ انخلا کے وسیع مشن کو انجام دینا بہت خطرناک ہوگا۔
امریکی افوجیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں، صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ سوڈان میں بقیہ امریکیوں کی “ممکن حد تک” مدد کرنے کی کوششوں کے بارے میں اپنی ٹیم سے باقاعدہ رپورٹس حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوڈان میں ’غیر شعوری‘ تشدد کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔
دو متحارب سوڈانی کمانڈروں کے درمیان جنگ اتوار کو نویں دن بھی جاری رہی، جس کے نتیجہ میں مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈہ مسلسل بند رہااور ملک سے باہر جانیوالی سڑکیں مسلح افراد کے کنٹرول میں چلی گئی ہیں۔ اس لڑائی میں اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یو ایس افریقہ کمانڈ اور جوائنٹ چیفس کے چیئرمین جنرل مارک ملی آپریشن سے پہلے اور اس کے دوران دونوں متحارب دھڑوں کے ساتھ رابطے میں تھے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ امریکی افواج کو انخلا کے لیے محفوظ راستہ ملے گا۔
جان باس، ایک امریکی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ، نے سوڈان کی نیم فوجی ریپڈ سیکیورٹی فورسز کے ایک دھڑے کی جانب سے امریکی انخلا میں مدد کے دعوؤں کی تردید کی ہے۔ ’انہوں نے اس حد تک تعاون کیا کہ آپریشن کے دوران ہمارے سروس ارکان پر گولی نہیں چلائی۔‘
سوڈان کی لڑائی 15 اپریل کو دو کمانڈروں کے درمیان شروع ہوئی جنہوں نے صرف 18 ماہ قبل ملک کی جمہوریت کی طرف منتقلی کو پٹری سے اتارنے کے لیے مشترکہ طور پر ایک فوجی بغاوت کا منصوبہ بنایا تھا۔
مسلح افواج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح برہان اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نیم فوجی گروپ کے سربراہ جنرل محمد حمدان دگالو کے درمیان اب جاری اقتدار کی کشمکش میں لاکھوں سوڈانی اپنے گھروں کے اندر دھماکوں، گولیوں اور فائرنگ سے چھپے ہوئے ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق 16,000 امریکی شہریوں کی سوڈان میں موجودگی سفارت خانے کے ریکارڈ پر ہے، جس نے ہفتے کے اوائل میں ایک الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ خرطوم میں سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال اور ہوائی اڈے کی بندش کی وجہ سے فی الحال امریکی شہریوں کا انخلا محفوظ نہیں ہے۔
خرطوم میں سفارت خانے کے قافلے پر حملے کے بعد پیر کو سفارت خانے کے امریکی ملازمین کے لیے امریکی انخلا کی منصوبہ بندی پر زور دیا گیا۔ پینٹاگون نے جمعے کو تصدیق کی کہ ممکنہ انخلا سے قبل امریکی فوجیوں کو جبوتی کے کیمپ لیمونیئر منتقل کیا جا رہا ہے۔
امریکی فوج کی طرف سے سفارت خانے کا انخلا نسبتاً غیرمعمولی واقعہ ہے، جو صرف انتہائی حالات میں اختیار کیا جاتا ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے سوڈان سے امریکیوں کے باحفاظت انخلا پر مملکت سعودی عرب، جبوتی اور ایتھوپیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔