چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی خوشدامن اور سینیئر وکیل خواجہ طارق کی اہلیہ کی مبینہ آڈیو لیک

اتوار 23 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی خوشدامن اور سینیئر وکیل خواجہ طارق کی اہلیہ کے درمیان ہونے والی ٹیلفونک گفتگو کی مبینہ آڈیو منظر عام ہوئی ہے۔

دونوں خواتین کے مابین مبینہ گفتگو میں تحریک انصاف کے وکیل خواجہ طارق کی اہلیہ رافعہ کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ‘الیکشن نہیں تو پھر مارشل لا لگے گا، یہ کسی صورت نہیں رہ سکتے۔’

تفصیلات کے مطابق عمر عطا بندیال کی خوشدامن ماہ جبین مبینہ ٹیلیفونک کال پر خواجہ طارق کی اہلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ رات سے عمر کے لیے دعائیں مانگ رہی ہیں۔

 

‘لوگوں کو بھی کہا ہے اور عمر کو بھی میسج بھیجا ہے۔ میں نے کہا تم لاہور کے جلسے میں موجود تھی وہاں لاکھوں لو گ تھے ، اور اسی طرح ہر شہر میں لاکھوں بندہ ہے ، اور تم صرف یہ اندازہ لگا لو کہ تمہارے لیے کتنی دنیا دعا کر رہی ہے، تمہاری ہمت اور حفاظت کے لیے، اللہ رحم کرے۔’

اس موقع پر رافعہ کہتی ہیں کہ ان کی حفاظت ضروری ہے۔ جس پر ماہ جبین کہتی ہیں کہ اللہ اُ ن کو کمزور کرے اور اِن کو ہمت دے۔

رافیعہ کہتی ہیں : ‘اللہ باقیوں کو اندھا کر دے۔ میں تو یہ کہہ رہی ہوں ، وہ تو اس ملک کے غدار ہیں، دیکھو وہ کر کیا رہے ہیں۔’

ماہ جبین جواب دیتی ہیں کہ لیکن اب وہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں یہ کرنے کا اختیار کیوں دیا گیا ،جان کر ایڈوانٹیج دے رہے ہیں، سوال کیا جارہاہے کہ سوموٹو کیوں دیا گیاہے۔ عمر کو تو نہیں دیا، یہ تو پہلے کا ہوا ہوا ہے۔

 

رافعہ کہتی ہیں کہ یہ تو ہر چیف جسٹس کا حق ہے۔ ‘رات میں نے منیب اور اس کو گڈ  کا ایموجی بھیجا تو انہوں نے مجھے آگے سے وہ ایموجی بھیجی جس میں وہ اپنے دانتوں میں زبان دبا لیتے ہیں مجھے کہہ رہے تھے کہ احتیاط کرو، میں نے کہا کہ بھئی کس چیز کی احتیاط۔’

اس موقع پر ماہ جبین کہتی ہیں کہ یار جلدی جلدی الیکشن ہوں ابھی۔ جس پر رافعہ کا کہنا تھا کہ ‘دیکھو اگر الیکشن نہیں ہوتے تو پھر یہ اپنا سمجھ لیں کہ پھر مارشل لا  لگے گا۔ یہ نہیں ر ہ سکتے، بس بات ختم۔’

ماہ جبین کی اس بات پر کہ ‘کم بخت مارشل لا لگانے کو تیار نہیں’، رافعہ آگے سے جواب دیتی ہیں کہ ‘وہ بالکل تیار ہیں۔’

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp