وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرلیا، اور 4 نئے وزرا کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں طارق فضل چوہدری اور حنیف عباسی کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں وفاقی کابینہ میں توسیع کا امکان، سب سے نمایاں چہرہ کون سا ہوگا؟
اس کے علاوہ اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی جبکہ ایم کیو ایم کے مصطفیٰ کمال کو بھی وفاقی کابینہ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ میں 4 نئے وزرا کو شامل کرنے کے بعد ان کی حلف برداری 27 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق حنیف عباسی کو وزیر ریلوے بنائے جانے کا امکان ہے، جبکہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو وزارت قومی صحت کا قلمدان دیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ خالد مگسی کو وزارت مواصلات جبکہ مصطفیٰ کمال کو سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت دیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں کیا پیپلز پارٹی ن لیگ سے ناراضی ختم کرکے کابینہ میں شامل ہونے والی ہے؟
واضح رہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت اس سے قبل ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی خالد مقبول صدیقی کے پاس ہے، ان سے یہ قلمدان واپس ہونے کے بعد ان کے پاس وزارت تعلیم رہ جائےگی۔