عام انتخابات کے نتائج کے بعد کوئی بھی سیاسی جماعت اس پوزیشن میں نہیں تھی کہ وہ اپنی حکومت قائم کر سکے۔ ن لیگ نے پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، ق لیگ، آئی پی پی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت قائم کی۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کا حکومتی پالیسیوں کی کھل کر مخالفت کرنے کا فیصلہ، اراکین کو اہم ہدایات جاری
حکومت کے آغاز میں حکمراں اتحاد کی بڑی جماعت پیپلز پارٹی نے وزارتیں لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فی الوقت کابینہ میں شمولیت اختیار نہیں کرے گی تاہم کچھ عرصے بعد ہوسکتا ہے وہ ایسا کرلے۔
اب وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں توسیع کی خبریں سامنے آ رہی ہیں اور کہا یہ جا رہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو بھی کابینہ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے تحفظات کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جس دن ہم نے حکومت کی حمایت واپس لی وہ ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام سے قبل پی پی کو اعتماد میں نہ لینے کا بھی شکوہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی تحفظات کو دور کرنے کے لیے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔ اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) اور پی پی کی رابطہ کمیٹی کے درمیان ملاقات بھی ہوئی لیکن پیپلز پارٹی کے تحفظات تاحال برقرار ہیں۔
مزید پڑھیے: پیپلز پارٹی نے ’بنا مشاورت‘ فیصلوں پر وفاقی حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دے دی
وی نیوز نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا پیپلز پارٹی کے تحفظات دور ہونے جارہے ہیں اور وہ کابینہ میں شمولیت اختیار کرلے گی۔
پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قمر زمان کائرہ نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے متعدد بار یہ بات واضح کیا جا چکا ہے کہ وہ وفاقی کابینہ میں شمولیت اختیار نہیں کرے گی تاہم پھر بھی میڈیا پر قیاس آرائیاں جاری رہتی ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت اور ن لیگ کی جانب سے پیپلز پارٹی کو پہلے دن سے کابینہ میں شمولیت کی دعوت ہے اور مختلف اوقات میں وزیراعظم کی جانب سے پیپلز پارٹی سے کہا بھی جاتا رہا ہے کہ وہ کابینہ میں شامل ہوجائے لیکن پارٹی نے اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
ن لیگ کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کابینہ کا حصہ تو نہیں ہے لیکن وہ حکومت کا ایک اہم جزو ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے تحریری معاہدے کی پاسداری کرے، یوسف رضا گیلانی
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں وفاقی کابینہ کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور ممکنہ طور پر 8 سے 10 وزرا کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الوقت تو پیپلز پارٹی کابینہ میں شمولیت کے لیے راضی نہیں ہے۔