امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے موجودہ سیاسی صورتحال میں اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کردی۔
چوہدری شجاعت حسین سے اپنے ٹیلی فونک رابطہ میں سراج الحق نے گجرات میں مقیم بزرگ سیاستدان کی خیریت دریافت کی اورعید کی مبارک باد بھی دی۔
ذرائع کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے موجودہ سیاسی صورتحال میں چوہدری شجاعت سے اپنا کردار ادا کرنے کا کہا ہے۔
‘چوہدری شجاعت واحد سیاستدان ہیں جن کے کردار پر کوئی داغ نہیں۔ وہ اپنا کردار ادا کریں کہ ملک میں الیکشن ایک ہی دن ہوں۔ٗ
ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے واضح کیا کہ وہ خود بھی چاہتے ہیں کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ہی دن منعقد ہو۔
اس موقع پر چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے ڈائیلاگ کے حوالے سے جماعت اسلامی کا کردار اہم ہے۔ رابطوں اور تبادلہ خیال کے ذریعے بہتر راستہ نکل سکتا ہے۔
صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے جو بھی وزیراعلیٰ بنے گا وہ بادشاہ بن کر رہ جائے گا اور دیگر انتخابات میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرےگا۔ جس سے ملک میں افراتفری پیدا ہو گی۔’
چوہدری شجاعت کے مطابق پرویزالہٰی سراج الحق کے سامنے پی ٹی آئی کا مؤقف دیں گے، جو عمران خان پہلے ہی بیان کرچکے ہیں۔
‘پاکستان مسلم لیگ کا مؤقف صرف میں ہی دے سکتا ہوں۔ میرا مؤقف ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔’
دونوں راہنماؤں کے درمیان رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔