افغانستان کیخلاف قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کواڈ انجری کا شکار ہونے کے بعد آسٹریلوی ٹاپ آرڈر بلے باز میتھیو شارٹ شاید چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ سے باہر ہوجائیں۔
چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کے لیے آسٹریلیا کو اپنے ٹاپ آرڈر میں ردوبدل کرنے کا امکان ہے جس سے کواڈ انجری سے دوچار میتھیو شارٹ کے ٹیم سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی: میچ بارش کے باعث منسوخ، آسٹریلیا سیمی فائنل میں اِن، افغانستان چانس پر
29 سالہ میتھیو شارٹ افغانستان کی اننگز میں دیر سے انجری کا شکار ہوئے اور اگرچہ انہوں نے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم وہ وکٹوں کے درمیان دوڑتے ہوئے مشکل میں نظر آئے اور بڑی حد تک باؤنڈری مارنے کی کوشش تک محدود رہے۔
میتھیو شارٹ 15 گیندوں پر 20 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے جو مڈ آن پر کیچ ہونے سے پہلے 4.3 اوورز میں 44 رنز کا مفید اوپننگ اسٹینڈ بن گیا تھا لیکن کپتان اسٹیون سمتھ نے اعتراف کیا کہ وقت میتھیو شارٹ کی طرفداری نہیں کررہا تھا۔
مزید پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی میں 352 رنز کا ہدف عبور، آسٹریلیا نے نئی تاریخ رقم کردی
میچ کے بعد پریزنٹیشن میں آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ جدوجہد کر رہے ہوں گے۔ ’مجھے لگتا ہے جیسا کہ ہم نے آج دیکھا کہ وہ اچھی طرح سے حرکت نہیں کررہے تھے، مجھے لگتا ہے کہ شاید میچوں کے درمیان ان کے لیے صحت یابی کا وقت بہت زیادہ نہیں ہے۔‘
میتھیو شارٹ اگر سیمی فائنل کے لیے فٹ نہ ہو سکے تو ان کی جگہ جیک فریزر میک گرک کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے، جو خود زخمی مچل مارش کے متبادل اور اسکواڈ میں ایک فاضل بلے باز ہیں، تاہم آسٹریلیا کے پاس آل راؤنڈر ایرون ہارڈی سمیت دیگر آپشن بھی ہیں۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا کا بڑا نقصان، اہم کھلاڑی چیمپیئنز ٹرافی سے آؤٹ
آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کے مطابق ان کے پاس متبادل آپشنز کے لیے کھلاڑی دستیاب ہیں جو اس مرحلے پر مایوس نہیں کریں گے۔ کوپر کونولی، بائیں ہاتھ کے بلے باز اور اسپنر، آسٹریلوی ٹیم میں دستیاب ایک اور اہم متبادل کھلاڑی ہیں، اگر شارٹ کو باضابطہ طور پر باقی ٹورنامنٹ کے لیے ڈراپ کیا گیا تو وہ اسکواڈ میں آسکتے ہیں۔