ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے فارم 45 اور فارم 47 کا بہت چرچا ہے، جہاں پارلیمنٹ میں اس کا ذکر ہوتا ہے وہیں سیاسی کارکنان کی جانب سے بھی ایک دوسرے کو ایسے القابات دیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں فارم 47 والے باہر جا کر مہنگائی کم ہونے کا کہیں تو انہیں جوتے پڑیں گے، عمر ایوب
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما و سندھ کے وزیر توانائی سیّد ناصر شاہ نے بھی جوش خطابت میں اپنے ہی ارکان اسمبلی کو فارم 47 والا کہہ دیا۔
ٹنڈوجام میں خطاب کے دوران ناصر حسین شاہ نے کہاکہ آج کل فارم 45 اور فارم 47 کی بہت باتیں کی جاتی ہیں، لیکن الحمداللہ پیپلزپارٹی کے جتنے ارکان اسمبلی یہاں موجود ہیں سارے فارم 47 والے ہیں۔
بعد ازاں تقریب میں موجود صوبائی وزیر شرجیل میمن نے ناصر حسین شاہ کی غلطی کی وضاحت کردی۔
شرجیل انعام میمن نے کہاکہ اصل میں ناصر حسین شاہ یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ ہمارے سارے لوگ فارم 45 والے ہیں۔
واضح رہے کہ فارم 45 وہ ہوتا ہے جو ہر پولنگ اسٹیشن پر ہر پولنگ ایجنٹ کو دیا جاتا ہے جس پر ووٹوں کی تفصیل درج ہوتی ہے، جبکہ فارم 47 تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کو جمع کرکے الیکشن کمیشن جاری کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں فارم 47 پر آنے والا وزیراعظم شرعی ہے یا غیر شرعی؟ حافظ نعیم الرحمان کا وی پی این فتوے پر استفسار
اپوزیشن کا الزام ہے کہ عام انتخابات کے روز الیکشن کمیشن نے فارم 47 میں ہیرا پھیری کرتے ہوئے مرضی کے نتائج جاری کیے ہیں۔