ضد اور نفرت کی سیاست دفن کرنا ہوگی، وزیراعظم کا پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا اعلان

منگل 4 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وژن 2035 کے تحت پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، اور ضد و نفرت کی سیاست دفن کرنا ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعظم اور وزرا نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے رہ گئے، وزیراعظم شہباز شریف

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے 2029 تک ملکی برآمدات 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 2353 کے وژن کے تحت پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا اعلان کیا اور ملک کو قرضوں سے نجات دلانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ہم 9 مئی والے نہیں، 28 مئی والے ہیں، ضد اور نفرت کی سیاست دفن کرنا ہوگی۔ اور ملکی ترقی کے لیے ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کی بجائے مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے ایک سال میں برآمدات، ترسیلات زر اور زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ مہنگائی کی شرح 28 فیصد سے کم ہو کر 1.6 فیصد پر آگئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کے خلاف کرپشن کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا، عالمی ادارے پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کا اعتراف کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ رمضان پیکج کے تحت 40 لاکھ خاندانوں میں 5 ہزار روپے تقسیم کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود امداد اور خوراک کی بندش ظلم ہے، دہشت گردی کا خاتمہ کیے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ پاکستان کو اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔

شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنائیں گے، ہم نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اب استحکام اور ترقی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک سمیت عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کررہے ہیں، دوست ممالک نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب نے 1.2 ارب ڈالر کی تیل کی سہولت میں توسیع کردی، جبکہ یو اے ای نے 2 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کردیا۔

وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ سرکاری اداروں کے خسارے کو کم کیے بغیر ترقی کا خواب ناممکن ہے۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہاکہ ملکی معیشت مستحکم ہو چکی، اب ترقی کا سفر جاری ہے، جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح 13.5 فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ حکومتی اقدامات سے تمام ادارے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے پر کام تیزی سے جاری ہے۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے کہاکہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملکی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، درآمدی کوئلے پر انحصار کم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں ملکی معیشت کو بلندیوں پر لے جانے کا عزم، وزیراعظم نے ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کا افتتاح کردیا

وزیر آئی ٹی نے کہاکہ پاکستان میں آئی ٹی ایکسپورٹس میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انٹرنیٹ کی اسپیڈ بہتر بنانے کے لیے 3 سب میرین کیبلز بچھائی گئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp