نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارکو امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے ٹیلیفون کرکے دہشت گردی کے خلاف حکومت پاکستان کی کوششوں پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تعریف اور شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان سے اظہار تشکر، کیا پاک-امریکا سیکیورٹی تعلقات بحال ہونے جارہے ہیں؟
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قومی سلامتی کے مشیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ سمیت امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات کو استوار کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں امریکا کے ساتھ تعاون جاری رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے صدر ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں پیچھے چھوڑے گئے امریکی فوجی سازوسامان کو واپس لینے کے اعلان کو بھی سراہا۔ فریقین نے آئی ٹی، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی طویل ترین تقریر میں کتنے اور کون سے جھوٹ بولے؟
انہوں نے آنے والے دنوں میں ایک وسیع البنیاد ایجنڈے کے طور پر تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور صحت پر بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا تاکہ باہمی تعاون کے وسیع تر ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا سکے۔














