اگر کوئی ٹرمپ کی تعریف پر خوش ہے تو یہ بچگانہ حرکت ہے، سلمان اکرم راجا

جمعرات 6 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ اگر کوئی ٹرمپ کے آنے پر خوش تھا یا اب ان کی جانب سے کی گئی تعریف پر پر خوش ہے تو یہ بچگانہ حرکت ہے۔ نہ پہلے ایسی کوئی وجہ تھی نہ ہی اب خوش ہونے کی کوئی وجہ ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکوں کے باہمی تعلقات دوستی یاری کے بجائے مفادات پر چلتے ہیں۔ انہیں ایک شخص مطلوب تھا، سی آئی اے نے نشاندہی کی اور ہم نے اسے پکڑ کر ان کے حوالے کیا اور انہوں نے شکریہ ادا کر دیا۔

مزید پڑھیں: کہتے تھے ٹرمپ آئیں گے تو بانی پی ٹی آئی باہر آ جائیں گے، اب وہ ٹرمپ کی تعریف پر ناراض ہیں، رانا ثنااللہ

ٹرمپ کارڈ فیل ہو جانے پر ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں کبھی بھی سنجیدہ طور پر یہ سوچ نہیں رہی کہ ٹرمپ کے آنے سے بانی پی ٹی آئی رہا ہو جائیں گے۔ پارٹی میں لاکھوں کروڑوں لوگ ہیں جو اپنا ردعمل دیتے ہیں لیکن یہ کبھی پارٹی پالیسی نہیں تھی۔ زیادہ سے زیادہ یہ تھا کہ پچھلی حکومت کے ساتھ جو مخاصمت کا رویہ تھا شاید وہ اب پیش نہ آئے۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شہباز شریف حکومت کو آنکھوں پر کیوں بٹھایا؟

جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پورے ملک میں بے چینی کی فضا ہے، کیونکہ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ ان کی آواز کو دبا دیا گیا ہے، ان کے حقوق سلب کر لیے گئے ہیں۔ ایسے میں آپ سمجھتے ہیں کہ سی آئی اے آپ کو حکم دیتی رہے گی آپ اس پر عمل کرکے تھپکی لے لیں گے تو یہ بچگانہ اور بے وقوفانہ عمل ہوگا۔ پاکستان کو خود ٹھیک کرنا ہے، ہمیں اپنے فیصلے خود کرنا ہوں گے، پاکستان کے فیصلے صدر ٹرمپ نہیں کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp