یوں تو کراچی میں انوکھی طرز تعمیر کی مساجد لاتعداد ہیں لیکن کراچی کے علاقے لیاری میں ایک مسجد ایسی بھی ہے جو کشتی کے طرز پر بنائی گئی ہے اور یہ مسجد 2 سڑکوں کے بیچ میں بنائی گئی ہے۔
یوں کشتی مسجد کے نام سے مشہور اس مسجد کی عمر دہایوں پر محیط ہے لیکن یہ اصل میں کشتی مسجد تب بنی جب سڑک کی توسیع کے بعد معلوم پڑا کہ مسجد کی عمارت سڑک کے بیچ میں آنے سے گرادی جائے گی، ایسے میں اس مسجد کے گرد رہنے والی کچی کمیونٹی نے سڑک کی توسیع کے لیے اپنے گھروں کی قربانی دی اور مسجد کا مقام قائم رکھتے ہوئے ازسر نو تعمیر کی، جس کے لیے دوبئی میں موجود اسی علاقے کے انجینیر نے نقشہ بنوا کر بھیجا اور 3 منزلہ عمارت اہل علاقہ کے تعاون سے بنا ڈالی۔
کشتی مسجد کا آغاز اور اختتام دشوار تھا جو کئی بار بناتے وقت گر بھی چکا تھا کیوں کہ اسے کشتی کی شکل دینے کے لیے اسکی نوک بہت ضروری تھی۔
لیاری ایکسپریس وے پر سہراب گوٹھ سے آتے ہوئے اس مسجد کو باآسانی دیکھا جا سکتا ہے اور مسجد کو اندر سے بھی خوبصورتی سے بنایا گیا ہے جبکہ تعمیراتی کام اب بھی جاری ہے۔