صدر زرداری کا آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب، حکومت نے اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کا پلان تیار کرلیا

پیر 10 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف علی زرداری آج سہ پہر 3 بجے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، اس موقع پر اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کا پروگرام بنایا جبکہ حکومت نے اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کا پلان تیار کرلیا ہے۔

 سینیٹ اور قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر آج دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔  وزیراعظم محمد شہباز شریف صدر مملکت کا استقبال کریں گے جبکہ اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ صدر آصف زرداری کا پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خیر مقدم کریں گے۔

صدر مملکت اپنے خطاب سے قبل اسپیکر چیمبر میں وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ مشترکہ اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں مہمانوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ مسلح افواج کے سربراہوں، غیر ملکی سفیروں، گورنرز اور صوبائی وزرائے اعلیٰ کو دعوت نامے ارسال کیے جا چکے ہیں۔

 صدر آصف علی زرداری اپنے خطاب میں اتحادی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا احاطہ کریں گے۔ صدر کے خطاب کے علاوہ ایوان میں مزید کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ صدر زرداری کا خطاب مکمل ہوتے ہی اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا جائے گا۔

صدر آصف علی زرداری کے خطاب میں خارجہ امور، سیاست، ملکی معیشت اور عوامی فلاح بہبود کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا جائے گا۔ خطاب میں حکومتی اور عسکری اداروں کی کامیابیوں کو بھی اجاگر کریں گے۔ ایک سال سے کم عرصے میں صدر کا پارلیمنٹ سے دوسرا خطاب ہوگا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی اہم ملاقات آج اسلام آباد میں ہوگی

صدر کے خطاب کے ساتھ ہی دوسرے پارلیمانی سال کا آغاز ہو جائے گا۔ اپوزیشن کی جانب سے صدر مملکت کے خطاب کے دوران احتجاج کا پلان بنایا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن بھی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ حکومت نے حزب اختلاف کے احتجاج سے نمٹنے کا منصوبہ بھی تیار کر رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی کا خصوصی پیغام مولانا فضل الرحمن کو پہنچایا ہے۔ پی ٹی آئی صدر مملکت کے خطاب کے دوران جے یو آئی کو احتجاج میں شریک کرنا چاہتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp