آج صبح کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ایئر پورٹ کے قریب چینی باشندوں پر خود کش حملہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں پولیس کی جانب سے مقدمہ کا چالان جمع کرادیا گیا۔
یہ بھی پڑھیےکراچی میں چینی باشندوں پر حملے کا ایک اور مقدمہ درج، ماسٹرمائنڈ بے نقاب
چالان میں بشیر، عبدالرحمان عرف رحماگل اور سراج عرف دانش کو مفرور بتایا گیا ہے جبکہ محمد جاوید اور مسمات گل نسا گرفتار ہیں۔ چالان کے مطابق 6 اکتوبر2024کو رات11بجے سول ایوی ایشن کے گارڈ روم کے سامنے دھماکاہوا۔ اس دھماکے کی ذمےداری بلوچ لبریشن آرمی مجید بریگیڈ نےسوشل میڈیا پر قبول کی۔
یہ بھی پڑھیےکراچی ایئرپورٹ دھماکا: دہشتگرد کیسے اور کہاں چھپے رہے، ہوشربا انکشافات سامنے آگئے
چالان میں بتایا گیا کہ حملہ آوروں کومبینہ طور پر کسی غیر ملکی ملک دشمن خفیہ ایجنسی کی مددحاصل تھی۔ خود کش دھماکے کا مقصد پاکستان اور چین کے تعلقات کو متاثر کرنا تھا۔ دھماکے کا مقصد ملک کی سلامتی کو متاثر کرنا، معاشی قتل اور مالی فوائد حاصل کرنا تھے۔
چالان کے مطابق خود کش دھماکے میں 2 چینی باشندے ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔ کیس میں گرفتار ملزم جاوید نے دیگر ملزمان کےساتھ جائےوقوعہ پرجاکرسہولت کاری کی۔ ملزمہ گل نساء نے خود کش حملہ آوار کو کراچی سندھ میں داخل کرایا تھا۔