رمضان المبارک میں افطار کے بعد کوئٹہ کے باسی تفریح کی غرض سے اپنے دوستوں کے ساتھ خوش گپیاں کرتے کرتے چائے کی چسکیاں لینے کے شوقین ہیں جس کی وجہ سے شہر کے مختلف ہوٹلوں پر ان دنوں عوام کا رش نظر اتا ہے۔ شہر میں ایک ہوٹل ایسا بھی ہے جس نے شائقین کے شوق کو مدنظر رکھتے ہوئے 23 اقسام کی مختلف چائے متعارف کروا دی ہیں۔
اس ہوٹل کے مالک روز الدین خان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ افطار کے بعد لوگ بڑی تعداد میں ان کے ہوٹل کا رخ کرتے ہیں جہاں چائے کے شوقین افراد انواع و اقسام کی چائے پینا پسند کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ کی چینکی چائے میں خاص بات کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ ان کے ہاں سلیمانی چائے، دودھ پتی، سبز چائے، کشمیری چائے، کیڈبری چائے، مٹکا چائے اور کافی سمیت 23 اقسام کی منفرد ذائقے والی چائے دستیاب ہوتی ہیں۔
روز الدین نے بتایا کہ کوئٹہ کے عباسی سلیمانی چائے، دودھ پتی اور کیڈبری چائے کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہمارے 15 ہزار سے 20 ہزار کپ چائے فروخت ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری چائے نہ صرف ذائقے میں منفرد ہے بلکہ اس کے دام بھی انتہائی مناسب ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم قہوے کے 40 روپے، دودھ والی چائے کے 80 روپے جبکہ کیڈبری چائے کے 120 روپے وصول کرتے ہیں۔
مزید پڑھیے: کوئٹہ کا انوکھا کیفے جہاں گرما گرم چائے کے ساتھ کتابیں پیش کی جاتی ہیں
روز الدین نے بتایا کہ رمضان المبارک میں چائے کے شوقین افراد افطار کے بعد سے لے کر سحری تک یہاں بیٹھتے ہیں اور خوشگوار ماحول میں چائے کی چسکیاں لیتے رہتے ہیں۔