ملک میں دہشتگردی سے متعلق عمران خان کی ٹوئٹ پر محسن داوڑ کا جوابی وار

بدھ 12 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے ملک میں دہشتگردی کے حوالے سے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب دہشتگردوں نے کابل پر قبضہ کیا تو آپ نے کہا تھا کہ غلامی کی زنجیریں ٹوٹ گئی ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر عمران خان کا بیان شیئر کرتے ہوئے انہوں نے جواب میں لکھا کہ ہم نے اسی وقت کہہ دیا تھا کہ یہ تباہی ہے اور پھر وہی ہوا۔

یہ بھی پڑھیں جعفر ایکسپریس حملہ: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن آخری مراحل میں داخل، یرغمالیوں کی بڑی تعداد بازیاب، تمام دہشتگرد ہلاک

محسن داوڑ نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہاکہ آپ کے دور میں جب ہم جیل میں تھے تو جیل مینول کی اس سے کئی گنا زیادہ خلاف ورزی ہورہی تھی۔

گزشتہ روز دہشتگردوں کی جانب سے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنانے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ ملک میں اس وقت دہشتگردی اپنے قدم دوبارہ جما چکی ہے، ہمارے دور میں ملک دہشتگردی پر قابو پا کر سیاحت کے فروغ کی جانب گامزن ہو چکا تھا اور گلوبل ٹیررازم انڈکس میں پاکستان کی رینکنگ 4 درجے بہتر ہوئی تھی، لیکن رجیم چینج نے اس سارے عمل کو بھی ریورس گیئر لگا دیا اور اب بدقسمتی سے ہم گلوبل ٹیررازم انڈیکس میں دوبارہ دنیا کا دوسرا بدترین ملک بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں کوئٹہ میں دہشتگردی کے 2 واقعات، ماں بیٹا جاں بحق، پولیس اہلکار سمیت 12 افراد زخمی

واضح رہے کہ دہشتگردوں کے ٹرین پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا آپریشن اب آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے، فورسز نے اب متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے تاہم اس دوران معصوم شہریوں کی شہادتیں بھی ہوئی ہیں، جن کی درست تعداد کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp