وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس واقعے پر ہماری افواج نے بڑے نقصان سے بچایا۔ دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ پر پوری قوم فخر کرسکتی ہے۔ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا نے اس واقعے پر جو کیا وہ پوری قوم نے دیکھا، فوج کی کامیابی کے بجائے کہا گیا کہ دہشتگردوں نے خود لوگوں کو چھوڑا، یہ سب کچھ ان کے اوورسیز لوگوں نے کیا۔
مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس حملہ: مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، آسٹریلیا
قومی اسمبلی اجلاس میں صدارتی خطاب پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ 3 دن سے جعفر ایکسپریس حادثے کی باز گشت ہے۔ ہماری افواج نے اس واقعے میں شہادتوں کی تعداد زیادہ ہونے سے بچایا۔ دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ میں یہ واقعہ ایک بڑا سنگ میل ہے۔ ہماری قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی تو ہم اس جنگ میں فاتح ہوں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نہتے مسافروں کو قومیت اور لسانیت کی بنیاد پر الگ کیا گیا۔ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کو غلط رنگ دیا۔ (خواجہ آصف کے ریمارکس پر پی ٹی آئی اراکین کا احتجاج اور شور شرابا)۔ اس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ کل جب عمر ایوب بولے تو کیا کسی حکومتی رکن نے کچھ بولا؟
مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس ریسکیو آپریشن کے دوران پی ٹی آئی اور بھارتی میڈیا ایک زبان بولتے رہے، خواجہ آصف
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جب تک 75 سال تک ملک میں ہونے والے واقعات پہ سیاستدان معذرت نہیں کریں گے بات بڑھے گی نہیں۔ ہم نے آمریت کا ساتھ دینے پہ کئی مرتبہ معذرت کی، آج بھی کرتا ہوں۔ لیکن آپ؟ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 80 کی دہائی میں مارشل لا حکومت میں، میری اور جماعت کے لوگوں کی وابستگی رہی، اس پہ بات کرتے ہوئے مجھے شرمندگی ہوتی ہے۔ یہ کل جنرل مشرف کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ عمر ایوب بھی اس پارٹی میں ہو کر آئے ہیں۔
مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس حملہ: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، تمام دہشتگرد ہلاک، 21 مسافر اور 4 جوان شہید
کل عمر ایوب نے ہماری قیادت، صدر مملکت سمیت سب پہ بات کی، ہم میں سے کوئی نہیں بولا، کل اسپیکر سمیت سب کو غیر قانونی کہا گیا۔ صدر، وزیر اعظم سمیت سب کو غیر قانونی کہا گیا لیکن پی اے سی کا چیئر مین قانونی ہے، قائمہ کمیٹی قانونی ہے۔ جو تنخواہیں لیتے ہیں، گاڑیاں لیتے ہیں وہ قانونی ہے۔
قومی اسمبلی میں جعفر ایکسپریس واقعہ میں شہید مسافروں اور سیکیورٹی اہل کاروں کے لیے دعائے مغفرت و فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے دعا کروائی۔