ساتویں قومی مردم شماری پر اسٹیک ہولڈرز کےتحفظات کے پیش نظر وفاقی ادارہ شماریات نے تمام پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان وفاقی ادارہ شماریات سرور گوندل کے مطابق ادارے نے چاروں صوبائی وزرائے اعلی کو بھی بریفنگ میں مدعو کیا ہے اور اس کے علاوہ پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن جمعیت علما اسلام اور بی این پی کےوفاقی وزرا کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔
ادارہ شماریات کےحکام پارلیمانی جماعتوں کو ساتویں مردم شماری پر صورتحال سےآگاہ کریں گے۔
اس حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات کے رکن سپورٹ سروسزسرور گوندل نے پارلیمانی جماعتوں کو خطوط ارسال کردیے ہیں۔ بریفنگ جمعرات کو 3 بجے ہوگی جب کہ زوم لنک پر بھی شرکا بریفنگ میں شامل ہوسکیں گے۔
جےیوآئی کےمولانا اسعد محمود، متحدہ قومی موومنٹ کے خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزرا نوید قمر، اسرار ترین شاہ زین بگٹی اور خالد مگسی بھی بریفنگ میں شریک ہونگے۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔