سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی بحالی کے لیے ایک اور درخواست دائر

جمعرات 27 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی بحالی کے لیے سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی، درخواست رائے اشتیاق نامی شہری نے دائر کی۔

سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں شہری کی جانب سے موقف اختیار کیا  گیا ہے کہ آئین میں دی گئی مدت کے دوران  دونوں صوبوں میں انتخابات نہیں کرائے گئے، سپریم کورٹ کے انتخابات کرانے کے فیصلے پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، ایسی صورت میں نگران حکومتوں کا مزید برقرار رہنا آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت پنجاب اور خیبر پختونکوا  کی منتخب اسمبلیوں کی بحالی کا حکم دے تاکہ ملک میں جاری غیر آئینی صورت حال کو ختم کیا جا سکے۔

دائر کی جانے والی درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، وزارت دفاع کو فریق بنایا گیا ہے۔ نگران وزرائے اعلیٰ اور دونوں صوبوں کے گورنر بھی فریقین میں شامل ہیں۔

رائے اشتیاق نامی شہری نے درخواست میں وزارت خزانہ اور داخلہ کو بھی فریق بنایا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی پاکستان عوامی لیگ کے چیئرمین ناصر محمود کی جانب سے سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی بحالی کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں صدر، وفاقی حکومت، وزیر اعظم، اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن، عمران خان، حکومتی جماعتوں اور دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp