فخر زمان کی سنچری: پاکستان نے پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

جمعرات 27 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے 289 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان نے شاندار سنچری اسکور کی، فخر زمان 114 گیندوں پر 117 رنز اسکور کر کے آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 60، بابر اعظم نے 49، شان مسعود نے 1 اور آغا سلمان نے 7 رنز بنائے۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے ناقابل شکست 42 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے نے 2 جبکہ راچن روندرا، بلیر ٹکنر اور ایش سودھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کپتان بابر اعظم نے میچ کے دوران اپنی 277 ویں اننگز میں ون ڈے میچز میں 12000 رنز بھی مکمل کیے، بابر اعظم تیز ترین 12000 رنز مکمل کرنے والے دوسرے ایشیائی بلے باز بن گئے ہیں۔ اس سے قبل بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے 276 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 288 رنز اسکور کیے تھے۔

کیوی بلے باز ڈیرل مچل نے شاندار سنچری اسکور کی انہوں نے 115 گیندوں پر 113 رنز بنائے اور شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے چیڈ باؤز 18، مارک چیپمین 15 رنز بنا کر حارث راؤف کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ ول ینگ 86 رنز اسکور کر کے شاداب خان کا شکار بنے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم 20 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث راؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں سنچری اسکور کرنے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ون ڈے اسکواڈ کے لیے ٹیم میں 6 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

 نئے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، آغا سلمان، حارث سہیل، امام الحق، اسامہ میر اور وسیم جونیئر شامل ہیں۔ تاہم حارث سہیل کو کندھےمیں انجری کے باعث میچ میں شامل نہیں کیا گیا۔

آج کے میچ میں پاکستان کی جانب سے کھیلنے والے کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، کپتان بابر اعظم، شان مسعود، وکٹ کیپر محمد رضوان، آغا سلمان، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے مارک چیپ مین کو شاندار کارکردگی پر ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کرلیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے آج کے پلیئنگ الیون میں ول ینگ، چیڈ باؤز، ڈیرل میچل، ٹام لیتھم، مارک چیپمین، ہینری نیکولز، راچن روندرا، ایڈم ملنے، ایش سودھی، میٹ ہینری، اور بلیر ٹکنر شامل ہیں۔

گزشتہ روز ون ڈے سیریز کے لیے ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔ جس کے بعد دونوں ٹیموں نے اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کا آغاز کیا۔

پریکٹس سیشن کے دوران تیز بارش کے باعث سیشن شیڈول ٹائم سے پہلے ہی ختم کردیا گیا تھا۔

یاد رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز 2،2 سے برابر ہو گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp