افغانستان نے دہشتگردوں کو نہ روکا تو کل خود بھی اسی آگ میں جلنا ہوگا، علامہ طاہر اشرفی

بدھ 19 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف مذہبی شخصیت، آل پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ افغانستان نے اگر دہشتگردوں کو نہ روکا تو خود بھی اسی آگ میں جلنا ہوگا۔

وی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلامی دنیا کا طاقتور ترین ملک ہے، اسے کمزور کرنے کے لیے بہت سے بیرونی ممالک کام کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں بھارت نے سانحہ جعفر ایکسپریس پر جشن منایا، پاکستان کے استحکام پر کوئی کمپرومائز ممکن نہیں، طاہر اشرفی

طاہر اشرفی نے کہاکہ دشمن ممالک کو معلوم ہے کہ پاکستان کو توڑا نہیں جا سکتا، کیونکہ پاکستان کے پاس ایک مضبوط فوج ہے، جو ملک کی حفاظت کے لیے تن، من، دھن کی قربانی دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اب اس صورت حال میں دشمن نے ملک کے اندر انتشار ڈالنا شروع کردیا ہے، اور اس کام کے لیے نوجوانوں کو ملک کے خلاف ابھارا جارہا ہے۔

فتنہ الخوارج کا مقصد اسلام کے نام پر ملک میں انتشار پھیلانا ہے

علامہ طاہر اشرفی نے فتنہ الخوارج کے من گھڑت نظریات کے حوالے سے کہاکہ اسلام تو کسی عام انسان کے قتل کی بھی مخالفت کرتا ہے، جبکہ خوارج یہاں معصوم مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ فتنہ الخوارج کا مقصد اسلام کے نام پر ملک میں انتشار پھیلانا ہے اور اس کام کے لیے انڈیا دہشتگردوں کو مکمل تعاون فراہم کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ جیسے اے پی ایس واقعہ کے بعد سیاسی جماعتیں دہشتگردی کے خلاف متحد ہوگئی تھیں اب بھی ایسے ہی ہمیں متحد ہونا پڑےگا۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے لیے بہتر سوچا، پاکستان دہائیوں سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کررہا ہے، مگر پھر بھی افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان نے اگر اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کو نہ روکا تو کل خود بھی اسی آگ میں جلنا ہوگا۔

صدر آصف زرداری تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کریں

طاہر اشرفی نے کہاکہ صدر مملکت آصف علی زرداری تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کریں جس کے بعد ازسر نو خارجہ اور داخلہ پالیسی تشکیل دی جائے، سیاسی جماعتوں کو اس کے لیے خود سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کو بھی انا سے پیچھے ہٹنا ہوگا، کیوں کہ عمران خان کا قد پاکستان سے بڑا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں مضبوط فوج کی وجہ سے پاکستان تمام سازشوں کا مقابلہ کر رہا ہے، مولانا طاہر اشرفی

علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ بدقسمتی سے پہلے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد نہیں ہوا، اب ہمیں پھر سے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دے کر عمل بھی کرنا ہوگا، تب ہی یہ ملک آگے بڑھے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp