بلوچستان ووشو ایسوسی ایشن کی جانب سے قومی کھیل کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے کھلاڑیوں کے ٹرائلز نجی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن کوئٹہ کی مختلف ووشو اکیڈمیز نے ایسوسی ایشن کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔
کھلاڑیوں نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے معاملے سے متعلق اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے محکمہ کھیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی ہے۔
احتجاجی کھلاڑیوں کا موقف ہے کہ نجی اسپورٹس کمپلیکس میں ٹرائلز کے بجائے ایوب اسٹیڈیم جو کہ حکومت کے ماتحت ہے، میں ٹرائلز لیے جائیں کیونکہ وہاں بڑی تعداد میں ووشو کراٹے کلب رجسٹرڈ ہیں اور وہاں حقیقی کھلاڑیوں کی حق تلفی بھی نہیں ہو گی۔
کھلاڑیوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔
محکمہ کھیل بلوچستان کی جانب سے 34 واں ووشو قومی کھیل اگلے ماہ سے کوئٹہ میں منعقد ہو رہے ہیں۔ جس کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ایک جانب جہاں کھیلاڑی نیشنل گیمز کی تیاریوں میں مصروف ہیں وہیں نیشنل گیمز میں کرپشن کے الزامات بھی لگانا شروع ہو گئے ہیں۔