23 مارچ 1940 کو لاہور میں منظور ہونے والی قراداد پاکستان کے 85 سال مکمل ہوگئے ہیں جس پر آج ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے اور ولولے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
یہ تاریخی قرارداد لاہور کے منٹو پارک میں آل انڈیا مسلم لیگ کے 3 روزہ سالانہ اجلاس کے اختتام پر منظور کی گئی تھی جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے لیے عليحدہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی اورالگ مملکت کا یہ خواب 14 اگست 1947 کو پاکستان کی شکل میں شرمندہ تعبیر ہوا۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی 23 مارچ یوم پاکستان کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، لاہور کے محفوظ شہید گیریژن میں 21 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیے: یوم پاکستان، عہد وفا کا دن
دن کے آغاز پر مساجد اور عبادتگاہوں میں ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس بار یوم پاکستان کی تقریبات محدود مگر پروقار طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس دن روایتی پریڈ کی تقریب ایوان صدر کے احاطے میں رکھی گئی جس میں تینوں افواج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی دی جبکہ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی صدر پاکستان آصف علی زرداری تھے جبکہ ان کے علاوہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات، عسکری قیادت اور دوست ممالک کے سفارتی نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
صدر مملکت کا خطاب
صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے جن کی قربانیوں کی بدولت پاکستان کاخواب حقیقت میں بدلا۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بہت سی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی اور بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا ہے، فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے، ففتھ جنریشن وار فیئر ایک اہم چیلنج ہے اور نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے والے عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر کے شہریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہیں بھولے، انشا اللہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد مضبوط اور جدید اسلامی فلاحی مملکت ہے، ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے، جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو۔ انہوں نے شاندار پریڈ کے انعقاد پر پاک فوج اور منتظمین کو مبارکباد بھی پیش کی۔
یوم پاکستان پر پاک فوج کا پیغام
23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے قوم کو 85ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 ایک ایسا دن جس نے ہمارے اجتماعی وژن کو روشن کیا اور ایک آزاد وطن کے قیام کا راستہ طے کیا۔
یہ بھی پڑھیں یوم پاکستان پریڈ اس بار محدود پیمانے پر کیوں ہوگی؟
انہوں نے بیان میں کہاکہ یہ موقع پاکستانی عوام کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری قوم جمہوریت کے جھنڈے تلے اسلام کے ابدی اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کی منازل طے کررہی ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیف اور سروسز چیفس نے کہاکہ ثابت قدمی اور خدائی رہنمائی کے ساتھ پاکستان اپنے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ چوکس اور ثابت قدم ہیں، اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔