کینیڈا کے نئے وزیراعظم کی طرف سے ملک میں اچانک عام انتخابات کا اعلان، وجہ کیا بنی؟

پیر 24 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا نے نئے وزیراعظم مارک کارنی نے ملک میں عام انتخابات کا اعلان کردیا ہے۔

مارک کارنی نے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے استعفیٰ دینے کے بعد عہدہ سنبھالا تھا تاہم انہوں نے حلف برداری کے صرف 9 دن بعد ہی ملک میں نئے الیکشنز کا اعلان کردیا۔

اتوار کے روز لبرل جماعت سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم مارک کارنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک میں نئے انتخابات اپریل کی 28 تاریخ کو ہوں گے۔

یہ بھی پڑیے: کینیڈا اور میکسیکو سے ٹیرف ڈیل ممکن نہیں آج سے نفاذ ہوگا، صدر ٹرمپ

کینیڈین وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کینیڈا سے متعلق پالیسیوں اور دھمکیوں کی وجہ سے نئے انتخابات کا اعلان کرنا پڑ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا، ’ہم ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ناقابل جواز تجارتی کارروائیوں اور کینیڈا کی سالمیت کے خلاف دھمکیوں کی وجہ سے اپنی زندگیوں کے سب سے اہم بحران میں سے گزر رہے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے: قیامت تک امریکا کا حصہ نہیں بنیں گے، کینیڈین وزیراعظم کا ٹرمپ کو جواب

مارک کرنی نے کہا، ’کینیڈا کو محفوظ بنانے کے لیے ہمیں بہت کچھ کرنا پڑے گا۔ کینیڈا میں سرمایہ کاری کرنے، کینیڈا کی تعمیر کرنے اور کینیڈا کو متحد کرنے کے لیے۔‘

ان کا کہنا تھا، ’اس کے لیے میں اپنے ساتھی کینیڈینز سے مضبوط مثبت مینڈیٹ چاہتا ہوں، اس لیے میں نے درخواست کی ہے کہ گورنر جنرل پارلیمان کو تحلیل کریں، اور 28 اپریل کو انتخابات کا اعلان کریں جس پر وہ راضی ہوچکی ہیں۔‘

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ہمسایہ ملک کینیڈا کو پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کی ریاست بن جائے ٹیرف ختم اور ٹیکس کم ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر کینیڈا امریکا کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کرکے اس کی 51ویں ریاست بننے پر راضی ہوتا ہے تو اسے روسی اور چینی جہازوں کے خطرے کا بھی سامنا نہیں رہے گا۔

ٹرمپ کے اس بیان کے بعد کینیڈا کی طرف سے سخت ردعمل آیا تھا تاہم امریکا کی نئی انتظامیہ نے ان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کینیڈا پر تجارتی ٹیرف عائد کردی جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان خلیج میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp