یوکرین کے وزیردفاع رستم عمیروف نے کہا ہے کہ ان کے ملک اور امریکا کے درمیان ریاض میں ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز تھے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم نے سعودی عرب کے شہر ریاض میں اہم اور کلیدی نکات پر گفتگو کی جن میں توانائی کی تنصیبات اور دیگر حساس انفراسٹرکچر کی حفاظت بھی شامل تھی۔
یوکرینی وزیردفاع نے کہا ہے کہ ان کا ملک روس کے ساتھ ایک انصاف پر مبنی اور پائیدار امن کو حقیقت بنانے کے لیے کام کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: روس یوکرین جنگ بندی کا معاملہ، ٹرمپ اور پیوٹن کا اہم ٹیلی فونک رابطہ
دوسری طرف امریکا کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکاف نے بھی روس یوکرین جنگ کے اختتام کے حوالے سے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے لگتا ہے کہ روس امن چاہتا ہے اور سعودی عرب میں ہونے والے مذاکرات کے بعد جنگ بندی کے حوالے سے حقیقی پیش رفت نظر آئے گی۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے مابین ہونے والی تلخ کلامی کے بعد دونوں ممالک میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی جس کے بعد سعودی عرب میں یوکرین جنگ کے حوالے سے مذاکرات کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: ڈونلڈ ٹرمپ کا روس یوکرین جنگ کے خاتمے کا ’خفیہ‘ منصوبہ کیا ہے؟
ٹرمپ انتظامیہ روس اور یوکرین کے مابین جاری جنگ فوری طور پر روکنے کے لیے اقدامات کررہی ہے تاہم یوکرین اور اس کے اتحادی یورپی ممالک کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ یوکرین کے مستقبل کے لیے سیکیورٹی ضمانت اور اس کے کھوئے ہوئے علاقوں کی ملکیت کی بحالی کے بغیر جنگ بندی نہیں ہونی چاہیے۔