بالی ووڈ کے مشہور اداکار عمران ہاشمی نے پاکستانی اداکار جاوید شیخ کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر خاموشی توڑ دی۔
عمران ہاشمی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کی جاوید شیخ سے ملاقات ہوئی تو وہ صرف 20 سال کے تھے اور چونکہ وہ ہم عمر نہیں تھے اس لیے کبھی دوست نہیں رہے اور نہ ہی ان کے بے تکلفانہ تعلقات تھے۔
جاوید شیخ کی جانب سے نامناسب رویہ اختیار کیے جانے کے الزام پر عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا کچھ بھی یاد نہیں ہے اور ان سے متعلق جو گفتگو کی جا رہی ہے وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتے۔
یہ بھی پڑھیں: ’کیا یہ واقعی رمضان ٹرانسمیشن ہے؟‘، جاوید شیخ کی عمران ہاشمی سے متعلق گفتگو پر شدید تنقید
بالی ووڈ اسٹار نے مزید کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ جاوید شیخ اپنے ساتھ کیا واپس لے کر گئے ہیں لیکن یہ ضرور ہے کہ وہ 16-17 سالوں سے اس کو سنبھالے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ جاوید شیخ نے حال ہی میں ’آج ٹی وی‘ کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی تھی، دورانِ پروگرام انہوں نے بالی ووڈ اداکارعمران ہاشمی کے ساتھ فلم میں کام کرنے کے تجربے پر بھی گفتگو کی۔
اداکار نے بتایا کہ وہ شوٹنگ کے لیے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن پہنچے، جہاں عمران ہاشمی بھی موجود تھے۔ شوٹنگ کے وقت ہدایت کار نے ان کا اور عمران ہاشمی کا تعارف کرایا اور اس دوران انہوں نے بھارتی اداکار سے ملانے کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا۔ جس پر عمران ہاشمی نے نا مناسب رویہ اختیار کیا اور بے دلی سے ہاتھ ملا کر چلے گئے جس پر انہیں افسوس ہوا اور غصہ بھی آیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’جنت‘ فلم کے سین کا عمران ہاشمی کی حقیقی زندگی سے کیا تعلق ہے؟ بالی ووڈ اداکار کا انکشاف
جاوید شیخ نے بتایا کہ اس واقع کے ایک دن بعد جب وہ شوٹنگ کے لیے سیٹ پر پہنچےتو کریو نے انہیں کہا کہ آپ عمران ہاشمی کے پاس جاکر ریہرسل کے حوالے سے بات کر لیں جس پر انہوں نے غصے میں کہا وہ نہیں جائیں گے عمران ہاشمی کو ان کے پاس بھیجیں، جس کے بعد بالی ووڈ اداکار آئے اور انہوں نے شوٹنگ کی ریہرسل کی۔
انہوں نے بتایا کہ عمران ہاشمی کی اس حرکت کے بعد انہوں نے شوٹنگ سیٹ پر رہتے ہوئے بھی 15 دن تک بالی ووڈ اداکار سے بات نہیں کی، جس کے بعد عمران ہاشمی نے خود ان سے بات کرنا شروع کی۔
جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان، سلمان خان اور اکشے کمار جیسے اداکار بھی انہیں شیخ صاحب کہہ کر بلاتے ہیں اور عزت دیتے ہیں لیکن عمران ہاشمی نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔














