کراچی کی ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں قید کاٹنے والے بھارتی شہری نے خود کشی کرلی۔
یہ بھی پڑھیں ایرانی جیل میں قید کرد خاتون نے بطور احتجاج اپنے ہونٹ سی لیے
جیل انتظامیہ نے بتایا کہ بھارتی قیدی گورو ولد رام آنند نے جیل کے واش روم میں پھندا لگا کر زندگی کا خاتمہ کیا۔
جیل انتظامیہ کے مطابق اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں کہ بھارتی قیدی نے خود کشی کیوں کی۔
جیل انتظامیہ نے بتایا کہ ملزم کو 17 فروری 2022 کو ملیر جیل منتقل کیا گیا تھا۔ خود کشی کرنے والے بھارتی قیدی کی لاش کو سہراب گوٹھ سرد خانے میں منتقل کردیا گیا۔
پوسٹ مارٹم اور لاش بھجوانے سے متعلق فیصلہ بھارتی قونصلیٹ کرے گا، جیل سپرنٹنڈنٹ
اس حوالے سے ملیر جیل کے سپرنٹنڈنٹ سید ارشد حسین شاہ نے بتایا کہ بھارتی ماہی گیر گوروو ولد رام آنند نے 24 اور 25 مارچ کی درمیانی شب ہندو بیرک کے اندر قائم واش روم میں رسی سے پھندا لگاکر خودکشی کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ قیدی کو 17 فروری 2022 کو جیل ریمانڈ پر بھیجا گیا تھا جبکہ قیدی کے خلاف تھانہ ڈاکس میں مقدمہ درج ہے اور اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا تھا۔
سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ قیدی گورو ماہی گیر تھا، لاش ملنے کے بعد جیل کے ڈیوٹی ڈاکٹر نے اس کا معائنہ کرکے مردہ قرار دیا، گورو کو دیگر بھارتی قیدیوں کے ساتھ ہی رکھا گیا تھا اور وہ دوسروں سے بہت کم بات چیت کرتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں کراچی کی جیلوں کے 13 ہزار قیدی اعتکاف سے کیوں محروم ہو گئے؟
انہوں نے مزید بتایا کہ گورو کا کسی سے کوئی لڑائی جھگڑا نہیں تھا اور نہ خودکشی کی وجہ سامنے آ سکی ہے، مجسٹریٹ نے لاش کا معائنہ کرکے سردخانے بھجوانے کا حکم دیا ہے، تاہم پوسٹ مارٹم اور لاش بھجوانے سے متعلق فیصلہ بھارتی قونصلیٹ کرے گا۔