بی این پی سربراہ سردار اختر مینگل کے دھرنے کے قریب خودکش دھماکا

ہفتہ 29 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مستونگ میں لک پاس کے قریب بی این پی مینگل کے دھرنے کے قریب خودکش دھماکہ  ہوا ہے، دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ لک پاس کے مقام پر سیکیورٹی  ۔فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور کسی غیر متعلقہ شخص کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی

لیویز ذرائع کے مطابق حملہ آور نے بی این پی کے دھرنے میں جانے کی کوشش کی۔ محافظوں اور کارکنوں  کے روکنے پر حملہ آور نے قریبی میدان میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ حملہ آور اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر آیا تھا۔ دھماکے کے بعد حملہ آور کا ساتھی فرار ہو گیا۔

یاد رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے بلوچ یک جہتی کمیٹی کے کارکنان کی گرفتاری کے خلاف اور درج مقدمات کے خاتمے کے لیے وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا تھا۔ جمعہ کے روز بی این پی مینگل کی جانب سے لانگ مارچ کا آغاز کیا گیا جو خضدار، قلات، منگوچر، کھڈ کوچہ اور مستونگ سے ہوتے ہوئے لکپاس کے مقام تک پہنچ چکا ہے۔

بی این پی مینگل ضلع کوئٹہ کے صدر غلام نبی مری نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے لانگ مارچ کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ راستے میں کئی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں لیکن قافلہ رواں دواں رہا تاہم لکپاس کے مقام پر انتظامیہ نے کنٹینر لگا کر راستوں کو بند کر رکھا تھا۔ اس دوران انتظامیہ کی جانب سے پر امن لانگ مارچ  پر شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 5 کارکنان زخمی ہوئے جبکہ 4 کارکنان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی لیکن ہم اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ہمیں کسی تنظیم سے نہیں، سرکار سے خطرہ ہے، اختر مینگل

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل گروپ کے سربراہ سردار اختر مینگل  کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھیوں نے ایک شخص کو مشکوک جان کر اسے دھرنے کے قریب نہیں آنے دیا۔ پکڑے جانے کی خوف سے خود کش حملہ آور نے اپنے آپ کو دھرنے سے 400 گز کے فاصلے پر اڑا دیا۔ دھماکے میں ہمارے 4 ساتھی زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی تنظیم سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ہمیں اگر کسی سے خطرہ ہے تو وہ سرکار سے ہے۔ گزشتہ شب دھرنے پر بکتر بند گاڑی چڑھانے کی کوشش کی گئی۔ دھرنے کے شرکاء پر شیلنگ بھی کی گئی۔

سردار اختر مینگل نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ حکومت جان بوجھ کر حالات کو خراب کرنا چاہتی ہے۔ تاہم ہمارا احتجاج پر امن طور پر جاری  رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالات کی خرابی کی تمام تر ذمہ داری حکومت پرعائد ہوگی۔

خودکش حملہ آور قافلے میں شامل ہونا چاہتا تھا، ثنا بلوچ

بی این پی کے سینئیر رہنما ثنا بلوچ نے کہا ہے کہ مستونگ کے علاقے لک پاس میں سردار اختر مینگل کے لانگ مارچ کے قریب خودکش دھماکہ ہوا ہے۔ خودکش حملہ آور قافلے میں شامل ہونا چاہتا تھا۔ بی این پی کی سیکیورٹی نے حملہ آور کو روکا اور دبوچنے کی کوشش کی۔

ثنا بلوچ  نے کہا کہ خودکش حملہ آور نے دھماکا خیز مواد کو اڑانے کی کوشش کی لیکن پہلی دفعہ میں کامیاب نہ ہوا۔ دھماکے میں ہمارے کچھ ساتھی زخمی ہوئے، البتہ سردار اختر مینگل محفوظ رہے۔ بی این پی کا دھرنا تاحال لک پاس پر جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp