بلوچستان: طوفانی بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد جاں بحق متعدد زخمی

جمعہ 28 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مغربی ہواؤں سے بلوچستان کے میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبے کے 7 اضلاع میں موسلا دھار بارشوں نے عوام کو شدید متاثر کیا ہے۔ بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے اور مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

بلوچستان میں گزشتہ روز سے شروع ہونیوالا بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے 7 اضلاع کیچ، پنجگور، واشک، خضدار، مستونگ، سوراب اور لسبیلہ میں بارشیں ہوئیں، کئی علاقوں میں جانی و مالی نقصانات بھی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق تربت میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی تاہم شہر میں اب حالات کنٹرول میں ہیں۔ خضدار میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔ کیچ میں بارشوں سے پھسلن کے باعث کار کو حادثہ پیش آیا جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

طوفانی بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی کچے مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ بیلہ میں مائی پیر کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک خاتون جھلس گئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلابی صورتحال کے باوجود تمام شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ تمام اضلاع میں پی ڈی ایم اے، لیویز ، ایف سی اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp