مہنگائی 6 دہائیوں کی کم ترین سطح پر، جون تک زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب ڈالر سے زائد ہوں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

ہفتہ 5 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ معاشی استحکام آچکا ہے، معاشی استحکام کو اب پائیدار معاشی استحکام میں بدلنا ہے۔ مہنگائی 6 دہائیوں کی کم ترین سطح 0.7 پر ہے۔ جون تک زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب ڈالر سے زیادہ ہوں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ افراط زر میں مسلسل کمی ہورہی ہے، مہنگائی میں کمی کے ثمرات کی عام آدمی کو منتقلی یقینی بنانی ہے۔ رواں مالی سال معاشی گروتھ 3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: گورننس میں بہتری: آئی ایم ایف کا دوسرا جائزہ مشن پاکستان پہنچ گیا

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کلائمیٹ فنانسنگ پر بات چیت کامیاب رہی، ٹیکس فائلرز کی تعداد دگنا ہوگئی ہے۔ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام اس وقت ہوگا جب ہم مشکل فیصلے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے ادارہ جاتی نظام بنارہے ہیں۔ بینکنگ سیکٹر کا معیشت میں اہم کردار ہے۔ مرکزی بینک کی طرف سے پالیسی ریٹ میں کمی کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

مزید پڑھیں: بجٹ برائے مالی سال 26-2025: معاملات آئی ایم ایف ہی طے کرے گا

وزیرخزانہ نے کہا کہ ای سی سی مہنگائی میں مزید کمی کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ بنیادی معاشی استحکام کو اب پائیدار معاشی استحکام میں بدلنا ہے۔ شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش ہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں نئے سرمایہ کار آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر پر معاشی سرگرمیاں بڑھیں، لوگوں نے 870 ارب روپے کے اخراجات کیے۔ مشینری کی درآمد میں 16 فیصد اضافہ ہوا۔ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کی ضرورت ہے۔ افرادِ زر میں مسلسل کمی اور روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام آچکا ہے، معاشی استحکام کے ثمرات کی بات کرنا چاہتا ہوں، زر مبادلہ ذخائر بڑھ رہے ہیں۔ ترسیلات زر میں 32 فیصد اضافہ ہوا۔ امسال ترسیلات زر ریکارڈ 36 ارب ڈالر ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا یا نہیں؟ وزارت خزانہ نے وضاحت دیدی

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، کوشش ہے ضروری درآمدات میں کوئی رکاوٹ نہ آئے، کمپنیوں کے منافع میں اضافہ ہو رہا ہے۔ براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے لیے موجودہ سرمایہ کاروں کو سہولت دینا ضروری ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے مہنگائی میں کمی کو عوام تک منتقل کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp