ہمارے ساتھ یکساں سلوک نہیں کیا جارہا، شاہ محمود کا ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر ردعمل

جمعہ 28 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ یکساں سلوک نہیں کیا جارہا، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دینی چاہیے لیکن ایسانہیں ہورہا۔

شاہ محمود قریشی نے غیر ملکی میڈیا کے نمائندگان سے اسلام آباد میں ملاقات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کےتمام سیاسی جماعتوں کے احترام سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بطور ادارہ جیسے انہوں نے کہا کہ ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم نے ماضی سے سیکھتے ہوئے اے پولیٹکل رہنے کا فیصلہ کیا ہے یہ خوش آئند ہے لیکن ہمارے ساتھ یکساں سلوک نہیں کیا جارہا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسحاق ڈار نے خود بتایا ہے کہ آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان ابھی بھی اعتماد کا فقدان ہے، اسی لیے اسٹاف لیول کا معاہدہ تاحال نہیں طے پاسکا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی آنے والی حکومت کے پاس مینڈیٹ ہوگا کہ وہ ملک کی معیشت کو ٹھیک کرے اور عوام سےمینڈیٹ لے کر آئے تاکہ معاشی اداروں کی شرائط کو پورا کیا جاسکے۔

غیر سنجیدگی نظر آئی تو مذاکرات زیادہ دیر نہیں چلیں گے

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے ہمیں 14 مئی کی تاریخ کو یاد رکھنا ہے۔ سپریم کورٹ بھی غیر معینہ مدت تک انتظار نہیں کرسکتی۔ انہوں نے ہمیں مسئلے کا حل نکالنے کے لیے ایک موقع دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم ایک مناسب وقت تک مذاکرات کریں گے اور اس میں سنجیدگی نظر آجائے گی۔ جہاں بھی غیر سنجیدگی نظر آئی اور لگا کہ حکومت صرف وقت ضائع کر رہی ہے ہم ایک ٹائم لائن دے دیں گے۔

بجٹ سے قبل اسمبلی تحلیل کریں: فواد چوہدری

غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ قومی اسمبلی بجٹ سے پہلےتحلیل کی جائے اور حکومت چاہتی ہے کہ بجٹ دے کر جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ آئندہ آنے والی حکومت کو دینا چاہیے۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ جانے والی حکومت پورے سال کابجٹ دے دے۔

تحریک انصاف کے سینیئررہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اور افواج پاکستان کی قیادت نے بھی اے پولیٹکل رہنے کا بیان دیا ہے لیکن جو بیانات دیے گئے ہیں ان پر عمل بھی ہونا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp