مشہور کرائم شو سی آئی ڈی ایک بار پھر سرخیوں میں ہے اور اس کی ایک خاص وجہ سی آئی ڈی کے مرکزی کی کردار شیوا جی ستام ’اے سی پی پردیومن‘ کی موت ہے۔
شیوا جی ستام نے دہائیوں تک اے سی پی پردیومن کا کردار ادا کیا ہے اور اب انہوں نے با ضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ ان کے کردار کا سفر جلد ختم ہو جائے گا اور وہ شو سے کچھ وقت کے لیے علیحدہ ہو رہے ہیں۔
اے سی پی پردیومن شو سے ایک ڈرامائی موڑ کے ساتھ باہر نکلے ہیں، جس میں انہیں بم دھماکے میں مارا گیا ہے۔ جس کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ اس لازوال کردار کی جگہ کون لے سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بم دھماکے میں مارے جانیوالے ’سی آئی ڈی‘ کے ’ اے سی پی پردیومن‘ کون ہیں؟
ابتدا میں افواہیں تھیں کہ اداکار پرتھ سمتھان کو اے سی پی پردیومن کی جگہ لینے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ تاہم، اب کہا جا رہا ہے کہ پرتھ سمتھان اے سی پی پرادیومن کی جگہ نہیں لیں گے۔ بلکہ، وہ سی آئی ڈی میں ایک نئے کردار ’اے سی پی انشو من‘ کے طور پر شامل ہو رہے ہیں۔
پرتھ سمتھان جو انڈین ڈرامہ سیریل ’کیسی یہ یاریاں‘ اور ’کسوٹی زندگی کی‘ میں اپنے کرداروں کے لیے مشہور ہیں اب سی آئی ڈی میں کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔ سی آئی ڈی ڈرامے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ سی آئی ڈی کو دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں اور اس تاریخی کردار کو ادا کرنے پر فخر محسوس کر رہے ہیں لیکن اس کے ساتھ تھوڑے نروس بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مقبول ٹیلی ویژن شو ’سی آئی ڈی‘ اب نیٹ فلیکس پر بھی نشر ہوگا
اداکار پرتھ سمتھان نے سی آئی ڈی میں کچھ ڈرامہ ہونے کا انکشاف بھی کیا، انہوں نے کہا کہ اب سینیئر افسر دیا اور ابھیجیت نئے اے سی پی کے احکام کو فوری نہیں مانیں گے۔ اس لیے مداح آنے والے دنوں میں ٹیم میں نئے تنازعات کو دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ سی آئی ڈی، جسے بی پی سنگھ نے بنایا ہے اور سنگھ اور پردیپ اپپور نے پروڈیوس کیا ہے، 1998 سے سونی ٹی وی پر نشر ہو رہا ہے۔ شو نے اس دوران تقریباً 1600 اقساط ٹیلی کاسٹ کیے ہیں اور یہ بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین شوز میں سے ایک کے طور پر سامنے آیا ہے۔