سعودی ویزوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور چند نیوز ویب سائٹس پر گردش کرتی خبروں میں کہا جا رہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے بعد اب سعودی حکومت نے بھی پاکستانیوں کو ویزے دینے پر پابندی عائد کردی ہے۔
لیکن اس نوعیت کی خبروں میں کتنی صداقت ہے؟ یہ جاننے کے لیے وی نیوز نے سعودی سفارتخانے سے رابطہ کیا تو سفارتی حکام نے ان اطلاعات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ پابندی ’روایتی اور عارضی‘ ہے۔
سعودی سفارتخانے کے میڈیا سیکریٹری عبداللہ عالم نے بتایا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ’سعودی عرب کی جانب سے حج سیزن کے آغاز پر پاکستان سمیت 14 ممالک پر عارضی ویزا پابندی لگائی گئی ہے، جو سعودی عرب کی جانب سے ہر سال عائد کی جاتی ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں مقیم تارکینِ وطن فیملی ویزا کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟
عبداللہ عالم نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے پابندی حج سیزن کے دوران عمرہ، بزنس اور فیملی ویزوں پر لگائی گئی ہے اور اس عارضی پابندی کی زد پر آنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا اور عراق شامل ہیں۔
’صرف یہی نہیں بلکہ نائیجیریا، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا اورتیونس بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔‘
عارضی ویزا پابندی کب ختم ہوںگی؟
سعودی سفارتخانے کے میڈیا سیکریٹری نے بتایا کہ ابھی اس ضمن میں کچھ واضح نہیں کہا جاسکتا، البتہ امکانات ہیں کہ عارضی ویزا پابندیاں جون کے وسط تک ختم کردی جائیں گی۔ ’جس کے بعد معمول کے مطابق فہرست میں موجود تمام ممالک کے شہری ویزا حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عارضی ویزا پابندی کے فیصلے سے سعودی حکومت کی جانب پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جاچکاہے۔