پاکستان کھربوں ڈالرز کے معدنی ذخائر سے مستفید ہو کر آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ سکتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

منگل 8 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان منرلز فورم معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے لیے مؤثر ثابت ہوگا۔ پاکستان میں کھربوں ڈالرز کے معدنی ذخائر ہیں۔ معدنی ذخائر سے مستفید ہو کر پاکستان قرضوں کے چنگل سے آزاد ہو سکتا ہے اور آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ سکتا ہے۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مندوبین کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ فورم کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ فورم کے انعقاد سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، فورم معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافے کا باعث بنے گا۔

وزیراعظم  نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر پیشرفت حوصلہ افزا ہے۔ قدرت نے پاکستان کو قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے۔ خیبر پختوانخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں میں معدنیات کے ذخائر ہیں۔ سندھ اور پنجاب کی سرزمین بھی قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی قدرت کے بے پناہ خزانے مدفن ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں کھربوں ڈالرز کے معدنی ذخائر ہیں۔ معدنی ذخائر سے مستفید ہو کر پاکستان قرضوں کے چنگل سے آزاد ہو سکتا ہے۔ معدنی وسائل کے استعمال سے پاکستان آئی ایم ایف کو خیربادکہہ سکتا ہے، بلوچستان میں کان کنی سے روزگار کے مواقع پیدا اور سماجی و معاشی ترقی ہوگی۔ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری سب کے لیے سود مند ثابت ہوگی۔

مزید پڑھیں:ریکوڈک پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرےگا، سی ای او بیرک گولڈ مارک برسٹو

انہوں نے کہا کہ پاکستان خلیجی ممالک، چین، یورپ اور امریکا سمیت دیگر خطوں سے سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتا ہے۔ بلوچستان میں کان کنی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ کان کنی کی صنعت کے لیے فنی تربیت لازم وملزم ہے۔ ہمارے پاس دنیا کے سب سے بڑے کوئلے کے ذخائر موجود ہیں، سندھ حکومت کوئلے سے استفادہ کر رہی ہے۔ درآمدی کوئلے کے بجائے مقامی کوئلے پر انحصار کرکے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ خام مال کے بجائے تیار شدہ مصنوعات کی برآمدات کو یقینی بنایا جائے گا۔ سرمایہ کاروں سے کہوں گا کہ وہ تیار مصنوعات پر کام کریں۔ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری سب کے لیے مفید ہے۔ ہم نے مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کرکے برآمدات کو یقینی بنانا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی فنی تربیت کے لیے نجی شعبے اور حکومتی سطح پر شراکت داری کو فروغ دیاجائےگا، سرمایہ کار کمپنیاں نوجوانوں کو ہنر کی فراہمی میں کردار ادا کریں۔ ہم مل کر پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنائیں گے۔ طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں کو معاہدوں میں تبدیل کریں گے۔

پاکستان کے معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہے، اسحاق ڈار

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ میرے لیے اعزاز اور خوشی کی بات ہے کہ میں پاکستان معدنیات سرمایہ کاری فورم کا آغاز کر رہا ہوں۔ آج ہم ایک اہم موضوع پر غور کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں جو معیشتوں کی شکل بدل سکتا ہے، تکنیکی ترقی کو آگے بڑھا سکتا ہے اور دنیا بھر میں پائیدار ترقی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے ممکنات رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی سفارتکاری کا حامی ہونے کے ناتے، میں اسے ہمارے مشترکہ مشن کا ایک اہم ذریعہ سمجھتا ہوں تاکہ پاکستان کے تجارتی اور سرمایہ کاری کے منظرنامے کو تبدیل کیا جا سکے نہ صرف وسیع پیمانے پر بلکہ خاص طور پر معدنیات کے شعبے میں۔

 اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم ایسے وقت میں اکٹھے ہیں جب پاکستان اقتصادی ترقی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ پاکستان کی حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے سخت مگر ضروری فیصلے کیے ہیں۔ ان کوششوں کے نتائج اہم میکرو اکنامک اشارے میں بتدریج واضح ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: منرلز فورم میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت پاکستان کے معدنی شعبے پر اعتماد کا مظہرہے، علی پرویز ملک

ان کا کہنا تھا کہ مضبوط ترسیلات زر اور بڑھتی ہوئی غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری ضروری زرمبادلہ فراہم کر رہی ہے، جو گھریلو کھپت، سرمایہ کاریوں اور مجموعی اقتصادی نمو کو بڑھا رہی ہیں۔ یہ کامیابیاں فچ اور موڈیز سے بہتر کریڈٹ ریٹنگ کے ساتھ ہماری اقتصادی استحکام اور مالی نظم و ضبط کے عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی بے مثال جیولوجیکل دولت کی بنیاد پر عالمی سطح پر معدنیات کی طاقتور ترین معیشت بننے کے لیے اسٹریٹجک طور پر بہترین مقام پر واقع ہے۔ ٹیٹھین میٹالوجینک بیلٹ میں واقع جو دنیا کے سب سے بڑے تانبا سونے کے ذخائر میں سے ایک ہے، پاکستان میں ریکو ڈک جیسے عظیم ذخائر موجود ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں نایاب زمین کے عناصر، صنعتی معدنیات، غیر دھاتی اور جواہرات کے وسیع ذخائر بھی ہیں، جن میں عالمی سطح پر طلب ہونے والے پیریڈوٹ اور مرجان بھی شامل ہیں۔ اس وسیع غیر استعمال شدہ معدنیات کی صلاحیت کے ساتھ، پاکستان کا وسائل کی راہداری عالمی سپلائی چینز کو دوبارہ تشکیل دینے اور سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تاریخی طور پر ہمارے جیولوجیکل امکانات کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔ معدنیات کے شعبے نے ابھی تک اپنی صلاحیت کے مطابق اقتصادی فوائد پیدا نہیں کیے۔ اس لیے پاکستان کی حکومت نے اس شعبے کی اسٹریٹجک ترقی کو ترجیح دی ہے، تاکہ ترقی پسند پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کاروں کے لیے مرکزیت سے اقدامات کے ذریعے ایک مضبوط ماحولیاتی نظام قائم کیا جا سکے جو تمام فریقین کے لیے قدر پیدا کرے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم اپنے ضابطہ کار کے فریم ورک کو مسابقتی مالی شرائط کے ساتھ ہم آہنگ کرکے پاکستان کو وسائل کی تلاش، نکالنے، صاف کرنے، لاجسٹکس اور بنیادی ڈھانچے میں پائیدار اور اعلیٰ منافع بخش منصوبوں کے لیے ایک متحرک مرکز کے طور پر پوزیشن دے رہے ہیں۔ ہمارا جغرافیائی فائدہ ہمارے جیولوجیکل وسائل کی طرح ہمارے لیے ایک اسٹریٹجک فائدہ ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کا آج سے آغاز، دنیا کی بڑی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے متوقع

انہوں نے بتایا کہ ہماری آبادی کا 60 فیصد حصہ 30 سال سے کم عمر کے افراد پر مشتمل ہے اور اوسط عمر 22.8 سال ہے، ہمارا نوجوان طبقہ، اگر مخصوص اور صلاحیت سازی کے اقدامات کے ذریعے بااختیار بنایا جائے تو وہ کان کنی کی قیمت کی چین میں جدت اور مہارت کا کیٹلیسٹ بن سکتا ہے۔ وسائل، پالیسی اور انسانی سرمائے کا سنگم پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی پائیدار ترقی اور ترقی کے لیے بے مثال مواقع پیدا کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شعبے کی حقیقی صلاحیت کو کھولنے کے لیے ہمیں صرف سرمایہ کی ضرورت نہیں۔ ہمیں ایک مشترکہ عزم کی ضرورت ہے کہ ہم باہمی تعاون کریں۔ حکومتوں، صنعت کے رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری نہ صرف مالی فائدہ ہے، بلکہ یہ ایک اہم قدم ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار اور ٹیکنالوجی سے لیس مستقبل کو یقینی بنانے کی طرف بڑھتا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان معدنیات سرمایہ کاری فورم 2025 ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں اسٹیک ہولڈرز، دوست ممالک اور پارٹنرز مل کر نئے امکانات کا جائزہ لے سکتے ہیں اور باہمی فائدے کی شراکت داری بنا سکتے ہیں۔ یہ فورم 3 ستونوں امکانات، لوگ اور پالیسی پر مبنی ہے، جو حکومت پاکستان کے اس ویژن کی عکاسی کرتا ہے جسے وہ مشترکہ خوشحالی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے نافذ کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے ہم آگے بڑھ رہے ہیں، آئیے ہم اس شعبے کی زبردست قیمت اور اس کے ساتھ آنے والی ذمہ داری کو پورے طور پر سمجھیں۔ آئیے ہم پاکستان کے عوام کی مشترکہ فلاح و بہبود کے پیش نظر اور دور اندیشی کے ساتھ بامقصد سرمایہ کاری کریں۔

منرلز فورم میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت پاکستان کے معدنی شعبے پر اعتماد کا مظہرہے، علی پرویز ملک

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب میں کہا کہ فورم کے شرکا کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ فورم کے انعقاد کا مقصد پاکستان کے معدنی شعبے کے مواقع اجاگر کرنا ہے۔  فورم میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت پاکستان کے معدنی شعبے پر اعتماد کا مظہر ہے۔

مزید پڑھیں: کیا پی ٹی آئی منرلز انویسٹمنٹ ایونٹ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہی ہے؟

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومتی کاوشوں سے معاشی استحکام ممکن ہوا، زرمبادلہ میں اضافہ، مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی بہترین اسٹاک مارکیٹوں میں شامل ہوئی۔ معاشی محاذ پر یہ کامیابیاں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہیں۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ موڈی اور فنچ جیسے عالمی ادارے پاکستان کی معاشی کارکردگی کے معترف ہیں۔ پاکستان  معدنی وسائل سے مالا مال ہے۔ معدنی وسائل کے حوالے سے صوبہ بلوچستان کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ میں معدنی وسائل موجود ہیں۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سونے، قیمتی پتھر اور دیگر معدنیات کے ذخائر موجود ہیں۔ حکومت معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے قوانین کو آسان بنایا جا رہا ہے۔

کئی ممالک پاکستانی معدنیات میں سرمایہ کاری سے مطمئن ہیں، وزیر تجارت جام کمال خان

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے معدنیات کے فروغ اور بیرونی سرمایہ کاروں کو مدعو کرنے اور انہیں کاروبار میں آسانی فراہم کرنے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو ں گے، بہت سے ممالک پاکستانی معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کر چکے ہیں اور وہ بہت مطمئن ہیں۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فورم کے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ بہت سے ممالک معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرچکے اور وہ اپنی سرمایہ کاری کے حوالے سے مطمئن ہیں، دیگر ممالک کو بھی سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ ہم ان کو بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم اور آرمی چیف پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کریں گے

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات اور دیگر شعبوں میں بہت سے ممالک سرمایہ کاری کرچکے اور حکومت ان کی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ بلوچستان اور پاکستان کے شمالی علاقوں سے مختلف قسم کی قریباً 90 معدنیات حاصل کی جا رہی ہیں۔

جام کمال نے کہا کہ اس شعبے کو مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے کیونکہ جیولوجیکل سروے کے مطابق پاکستان منرلز سے مالا مال ہے اور اس میں بے شمار معدنیات موجود ہیں جو کوالٹی کے اعتبار سے بھی دیگر ممالک کی نسبت زیادہ بہتر ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ مزید بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان کے اس شعبے میں سرمایہ کاری کرکے اس شعبے کی صلاحیتوں سے استفادہ کریں۔

وزیر تجارت نے کہا کہ پہلے سے پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیاں اپنے آپریشنز کو وسعت دینا چا ہ رہیں اور اس میں سرمایہ کاری بڑھا رہی ہیں۔ پاکستان کے 95 فیصد وسائل ابھی تک دریافت نہیں کیے جا سکے، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا آئے اور ان وسائل کو دریافت کرنے کے ساتھ ساتھ مؤثر طور پر استعمال بھی کرے۔

جام کمال نے کہا کہ پاکستان میں لیتھیئم، کاپر، سونے، چاندی ، ایلومینیئم اور دیگر دھاتوں کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ملک ہے جس کا ثبوت یہاں موجود سینکڑوں بین الاقوامی کمپنیاں ہیں جو اپنے اپنے آپریشنز کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کو بڑھانا بھی چاہ رہی ہیں۔ پاکستان خطے کے ان ممالک میں سے ہے جہاں کارپوریٹ سیکٹر سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اور حکومت پاکستان بھی نجی سرمایہ کاروں کی ہمیشہ سے حوصلہ افزائی کرتی آ رہی ہے ۔

ریکوڈک پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرےگا، سی ای او بیرک گولڈ مارک برسٹو

بیرک گولڈ کمپنی کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو (سی ای او) مارک برسٹو نے کہا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل کے باعث منفردحیثیت رکھتا ہے۔ معدنیات کا حصول صنعت کے لیے بہت ضروری ہے۔ معدنی ذخائر کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ریکوڈک پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرےگا۔

مزید پڑھیں: کئی ممالک پاکستانی معدنیات میں سرمایہ کاری سے مطمئن ہیں، وزیر تجارت جام کمال خان

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں معدنی وسائل ہی ترقی کاذریعہ ہیں۔  ریکوڈک بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کا باعث بنے گا۔ مقامی آبادی کے لیے بھی اہم منصوبوں کا آغاز کریں گے، اسپتال، اسکول اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پرعزم ہیں۔ علاقے میں چھوٹے کاروبارکے فروغ میں بھی بھرپور مدد کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp