وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب میں کہا کہ فورم کے شرکا کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ فورم کے انعقاد کا مقصد پاکستان کے معدنی شعبے کے مواقع اجاگر کرنا ہے۔ فورم میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت پاکستان کے معدنی شعبے پر اعتماد کا مظہر ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومتی کاوشوں سے معاشی استحکام ممکن ہوا، زرمبادلہ میں اضافہ، مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی بہترین اسٹاک مارکیٹوں میں شامل ہوئی۔ معاشی محاذ پر یہ کامیابیاں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ موڈی اور فنچ جیسے عالمی ادارے پاکستان کی معاشی کارکردگی کے معترف ہیں۔ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے۔ معدنی وسائل کے حوالے سے صوبہ بلوچستان کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ میں معدنی وسائل موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہے، اسحاق ڈار
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سونے، قیمتی پتھر اور دیگر معدنیات کے ذخائر موجود ہیں۔ حکومت معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے قوانین کو آسان بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم محمدشہبازشریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ سمیت مختلف ممالک سے متعلقہ شعبے کے ماہرین اور وفود بھی شریک ہیں۔ آج افتتاحی روز 3 اہم سیشنز پر مشتمل ہے جبکہ 9 اپریل کو ریکو ڈِک پر تفصیلی سیشن اور پینل ڈسکشنز ہوں گی۔