سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو جدید علوم کے تقاضوں کے مطابق تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجیز کو اپنانا ہوگا۔
منگل کے روز سابق وزیراعظم نواز شریف سے کرپٹو کرنسی ایکسچینج ڈیننس کے بانی چانگ پنگ ژاؤ نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی معیشت کی ترقی سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آرہی ہے، نواز شریف
ملاقات میں ڈیجیٹل اکانومی پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر کرپٹوکرنسی ایکسچینج ڈیننس کے بانی چانگ پنگ ژاؤ نے پاکستان کرپٹو کونسل کے اسٹریٹجک ایڈوائزر کے طور پر تقرر کا خیرمقدم کیا، چانگ پنگ ژاؤ کا تقرر ویب تھری اور ڈیجیٹل فنانس میں ریجنل حب کے طور پر معاون قرار دیا گیا۔
ملاقات میں اختراعی علوم کے ذریعے ترقی کے ویژن کو اپنانے پر اتفاق کیا گیا، ڈیننس کے بانی نے نواز شریف کے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے فروغ کے وژن کو سراہا، ملاقات میں ڈیجیٹل اثاثہ جات، فیوچر ٹیکنالوجیز میں نوجوانوں کی شراکت پر بھی گفتگو کی گئی۔
میاں نوازشریف کی دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج ڈیننس کے بانی چانگ پنگ ژاؤ سے ملاقات،چانگ پنگ بھی نوازشریف کی لیڈرشپ اور ویژن کے معترف نکلے،ملاقات میں مریم نواز،علی ڈار اور بلال بن ثاقب بھی موجود۔ pic.twitter.com/BBHHUFfu7R
— Saif Awan (@saifullahawan40) April 8, 2025
یہ بھی پڑھیں: عوام کو معاشی ریلیف ہمیشہ ن لیگ کے دور میں ہی ملتا ہے، نواز شریف
چانگ پنگ نے ابھرتی بلاک چین ٹیکنالوجی، گلوبل انٹرپرینیورشپ کے امکانات سے شرکا کو آگاہ کیا جبکہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے لیے جدید علوم کے رجحانات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا کہ چانگ پنگ ژاؤ جیسی قابل قدر شخصیات سے ملاقات میں ترقی اور مواقع کی نئی راہیں ہموار ہوتی ہیں، پاکستان اختراعی تبدیلیوں کا شراکت دار بننے کے لیے تیار ہے، پاکستان کو جدید علوم کے تقاضوں کے مطابق تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجیز کو اپنانا ہوگا، نوجوانوں کو آئی ٹی اسکلز سکھا کر عالمی ڈیجیٹل مارکٹ کے لیے تیار کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں شرکت کیوں نہیں کی؟
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب مستقبل کی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے لیے تیار ہے، ہماری پوری توجہ نالج بیسڈ ٹیکنالجیز پر مرکوز ہے، جو نئی جنریشن کو اختراعی، ڈیجیٹل انٹرپرائز کی راہ پر گامزن کرے گی۔