آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے احکامات کی روشنی میں ’نشہ اب نہیں‘ کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی کی پولیس ٹیم نے منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے فیملی کی آڑ میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی قانون شکنوں کیخلاف کارروائی، 36 افراد گرفتار
ڈی آئی جی اسلام آباد کے مطابق گرفتار ملزمان نے نوجوانوں بالخصوص طالب علموں کو منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف کیا ہے، ملزمان سے 2 ہزار 612 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔
ملزمان سے مزید تفتیش کرکے چین آف سپلائی پر بھی کام کیا جارہا ہے، ملزمان منشیات پشاور سے اسلام آباد اسمگل کرکے نواحی علاقوں سرائے خربوزہ، ڈھوک عباسی اور ڈھوک ٹمن میں فروخت کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس نے 12 کار چور گرفتار کرلیے، گاڑیاں برآمد
ڈی آئی جی اسلام آباد نے ملزمان کی گرفتاری اورمنشیات کی برآمدگی پر پولیس ٹیم کوشاباش دی ہے، خصوصی پولیس ٹیمیں منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک میں ملوث ڈیلرز کے خلاف کارروائیاں عمل میں لارہی ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد شاکر حسین داوڑ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ نوجوان کی رگوں میں منشیات کا زہر اتارنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔