وزیراعلیٰ مریم نواز کی دوران اجلاس ’آسان کاروبار کارڈ‘ کے صارفین سے ٹیلی فونک گفتگو

جمعرات 10 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس  منعقد ہوا جس میں آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس میں آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ اسکیم کو آسان تر بنانے کی ہدایت دی جبکہ انہوں نے کاروبار فنانس کے لیے ضرورت کے مطابق لون دینے کا حکم بھی دے دیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کاروبار فنانس کے لیے نئے یونٹ قائم کرنے والے کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب میں اپنی نوعیت کی پہلی اور سب سے بڑی کاروبارفنانس اسکیم کا اجرا

اس موقع پر دی جانی والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ قرض حاصل کرنے والوں میں ٹرانسپورٹ، فارما سوٹیکل اور چھوٹے کاروبار کرنیوالے افراد شامل ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کاروبارفنانس کے لیے 80 ہزار سے زائد افراد کی قرض کی درخواستیں منظور کی گئیں جبکہ کاروبار فنانس اور کاروبار کارڈ کے ذریعے 34 ہزار کاروباری افراد کے لیے لون کا اجرا کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے قرض حاصل کرنے والے تمام افراد سے فیڈ بیک لینے کا حکم دیا اور اجلاس کے دوران ہی قرض حاصل کرنے والے افراد سے فون پر بات چیت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کریانہ سٹور کا کاروبار کرنے والے عدنان علی سے بات چیت کی جنہوں نے کاروبارفنانس کارڈ کے ذریعے 3 لاکھ 55 ہزار روپے ملنے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ 3 لاکھ 55 ہزار روپے کا سامان کریانہ سٹور میں ڈالنے سے کاروبار بڑھا۔

یہ بھی پڑھیے: ایک لاکھ سے ڈھائی کروڑ روپے: آسان کاروبار قرض اسکیم کے لیے اپلائی کرنے کا طریقہ کار کیا ہے؟

تونسہ سے زرعی مداخل کا کاروبار کرنیوالے معین الدین وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے گفتگوکرکے حیران ہوئے اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کہنا تھا کہ ایک لاکھ 56 ہزار روپے کا کھل، بنولہ، چوکر ونڈا ڈالنے سے کاروبار میں بہتری آئی، آسان کاروبار فنانس کارڈ جیسی سکیم شروع کرنے پر محمد نوازشریف صاحب اور وزیراعلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

لودھراں کے نواحی گاؤں 104 میں کریانہ کی دکان چلانے والے ندیم احمد سے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ ندیم احمد کا کہنا تھا کہ عید سے پہلے 8 لاکھ روپے فنانس کارڈ کے ذریعے ملنے سے دکان میں زیادہ مال ڈال لیا اور کاروبار بڑھ گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کاروبار فنانس سکیم میں شامل افراد کی کامیابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp