فخر زمان کی شاندار سنچری: نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست

ہفتہ 29 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں گرین شرٹس نے کیویز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے 337 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

پاکستانی اوپنر فخر زمان نے شاندار سنچری اسکور کی، فخر زمان 144 گیندوں پر 180 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 41 گیندوں پر ناقابل شکست 54 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

کپتان بابر اعظم نے 65، امام الحق نے 24 جب کہ عبداللہ شفیق نے 7 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری، ایش سودھی اور ہینری صفلیی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

 دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 336 رنز 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر اسکور کیے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے لگاتار دوسری سنچری بناتے ہوئے 119 گیندون پر 129 رنز اسکور کیے جب کہ کپتان ٹام لیتھم نے 85 گیندوں پر 98 رنز بنائے۔

کیوی بلے باز چیڈباؤز نے 51، ویل ینگ نے 19 اور جیمز نیشم نے 17 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بہترین کارگردگی دکھانے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب فخر زمان نے پاکستان کی جانب سے 67 اننگز کھیل کر تیز ترین 3  ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ اس فہرست میں بابر اعظم دوسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ 68 اننگز کھیل کر سر انجام دیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر  مہمان  ٹیم کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن دلا سکتا ہے۔

سیریز کے باقی 3 میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے

سیریز کے باقی 3 میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ تیسرا ون ڈے مقابلہ 3 مئی کو، چوتھا معرکہ 5 مئی جبکہ پانچواں میچ 7 مئی کو کھیلا جائے گا۔

پاکستانی اسکواڈ

دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، اسامہ میر، نسیم شاہ، حارث رؤف اور احسان اللہ شامل تھے۔

نیوزی لینڈ اسکواڈ

نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں چیڈ بوز، ول ینگ،ڈیرل مچل، ٹام لتھام، مارک چیپمین، ہنری نکولز، جیمز نیشام، ریچن رویندرا، ہنری شلپی، ایش سودھی اور میٹ ہیری شامل تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp