کینیڈا کے یونیورسٹی ٹیچرز امریکا کا غیرضروری سفر نہ کریں، ایڈوائزری جاری

بدھ 16 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا کی جامعات کے اساتذہ کی ایک تنظیم نے اپنے ممبران کو غیرضروری طور پر امریکا کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

‘کینیڈین ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی ٹیچرز’ نے کہا ہے کہ امریکا میں بدلتی سیاسی صورتحال کے پیش نظر نئی سفری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا میں پڑھانے والے وہ ٹیچرز جن کے ممالک کی امریکا سے سیاسی کشیدگی چل رہی ہے یا جن اساتذہ نے ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق منفی رائے کا اظہار کیا ہے انہیں امریکا کا غیرضروری دورہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے: امریکا اور کینیڈا کے درمیان فضائی سفر میں  یکدم 70 فیصد کمی کی وجہ کیا بنی؟

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ان اساتذہ کو بھی امریکا جاتے ہوئے محتاط ہونا چاہیے جن کا ریسرچ ٹرمپ انتظامیہ کے کسی موقف کے خلاف جاسکتا ہے، اساتذہ کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ امریکا میں داخل ہوتے وقت اس بارے میں محتاط رہیں کہ ان کی الیکٹرانک ڈیوائسز پر کہیں ایسا ڈیٹا تو موجود نہیں جو ان کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔

اس سے قبل کینیڈا نے بھی اپنے شہریوں کے لیے امریکا جانے سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی تھی جس میں انہیں خبردار کیا گیا تھا کہ بعض صورتوں میں وہاں ان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ٹرمپ ٹیرف وار: کینیڈا نے امریکی گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف لگادیا

 ٹرمپ انتظامیہ کے آنے کے بعد مارچ کے مہینے میں کینیڈا سے امریکا جانے والے مسافروں کی تعداد میں 32 فیصد کمی سامنے آئی۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں اس سال اسی مہینے کینیڈا سے امریکا جانے والے شہریوں کی تعداد میں 8 لاکھ کمی ریکارڈ کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp