ایران میں قتل ہونے والے 8 پاکستانیوں کی میتیں آج رات پاکستان بھیجی جائیں گی، جس کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے۔
ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے بتایا کہ پاکستانی شہریوں کی میتوں کو آج رات بہاولپور بھیجا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں اسحاق ڈار کو ایرانی وزیرخارجہ کا فون، 8 پاکستانیوں کے قاتل پکڑنے کی یقین دہانی
پاکستانی سفیر نے کہاکہ پاکستانیوں کی میتیں لے جانے کے لیے ہماری قیادت نے فوجی طیارہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر میں وزیراعظم، نائب وزیراعظم، دفتر خارجہ، پاک فضائیہ اور تمام اداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
مدثر ٹیپو نے کہاکہ پاکستانیوں کی میتیں بھیجنے کی کوشش میں سب نے بھرپور ساتھ دیا، میں ایرانی معززین کا بھی بے حد مشکور ہوں۔
پاکستانی سفیر نے کہاکہ ایرانی حکام آج رات ایئرپورٹ پر ہمارے شہریوں کے جسد خاکی کی پاکستان روانگی سے قبل ان کو الوداع کہنے کے لیے موجود ہوں گے۔
مدثر ٹیپو نے اپنے پیغام میں انا للہ و انا الیہ راجعون تحریر شدہ سیاہ بینر بھی جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستانی سفارتخانے نے ایران میں قتل ہونے والے پاکستانیوں کی فہرست جاری کردی
واضح رہے کہ کچھ روز قتل ایران کے صوبے سیستان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 8 پاکستانیوں کو قتل کردیا تھا۔